رسائی کے لنکس

مالی بحران کے باعث ملک کی بقا خطرے میں ہے: یونانی وزیرِ اعظم


یونان کے وزیرِ اعظم جارج پپا ندریو نے کہا ہے کہ ایسے حالات میں جبکہ وہ ملک کی معیشت کو بچانے کے لیےقرض کے حصول کے لیے مذاکرات اور دوسرے مالی اقدامات کی کوشش کررہے ہیں، یونان کی ٹریڈ یونینوں کی جانب سے ان اقدامات کی شدید مخالفت نے اُن کے ملک کی بقا کو داؤ پر لگا دیا ہے۔

یورپی یونین اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ مذاکرات میں شریک یونان کے نمائیندوں کا خیال ہے کہ وہ 160ارب ڈالرمالیت کے ایک ایسے معاہدے کو آخری شکل دینے کے قریب ہیں، جس سے یونان کے مفلوج کردینے والے قرضوں کے بحران کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

مسٹر پپا ندریو نے جمعے کے روز پارلیمنٹ کو بتایا ہے کہ یونان کو اپنے مستقبل کو بچانے کے لیے لازمی طور پر بعض اقتصادی اقدامات کرنا ہوں گے۔

یونان کی ٹریڈ یونینوں کے لیڈر ایسے کسی معاہدے کے خلاف ہیں، جس میں یونان سے ٹیکسوں میں اضافہ کرنے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کو جوں کا توں منجمد کرنے کا تقاضہ کیا گیا ہو۔

پولیس نے یونان کی وزارتِ خزانہ کے باہر جمعرات کو دیر گئے اُن سینکڑوں مظاہرین کو منتثر کرنے کے لیے آنسو گیس استعمال کی، جو کفایت شعاری کے اقدامات کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔

یومِ مئى کے موقعے پر، جو کہ ہفتے کا دن ہوگا، مزید احتجاجی مظاہروں کے منصوبے بنائے گئے ہیں۔ اور ٹریڈ یونینوں نے پانچ مئى کو عام ہڑتال کی اپیل کی ہے۔

XS
SM
MD
LG