رسائی کے لنکس

دولت مشترکہ میلے میں پاکستانی ثقافت کی نمائش


دولت مشترکہ کے ممالک کی ثقافت سے سجے اس میلے میں پاکستانی ثقافت پر مبنی دستکاری اور پاکستانی ہنر مند خواتین کی مصنوعات کی نمائش کا اہتمام لندن میں پاکستانی سفارت خانے کی طرف سے کیا گیا تھا۔

لندن کے کنگسٹن ٹاؤن ہال میں اس ہفتے دولت مشترکہ کے ممالک کی طرف سے سالانہ دولت مشترکہ میلے کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی ثقافت اور مصنوعات کی نمائش کے لیے رنگا رنگ اسٹال سجائے گئے تھے۔

دولت مشترکہ کے ممالک کی ثقافت سے سجے اس میلے میں پاکستانی ثقافت پر مبنی دستکاری اور پاکستانی ہنر مند خواتین کی مصنوعات کی نمائش کا اہتمام لندن میں پاکستانی سفارت خانے کی طرف سے کیا گیا تھا۔

اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس کی اہلیہ صدف عباس اور عملے کی دیگر خواتین نے اسٹال کے منتظمین کے فرائض انجام دیے اور اسٹال کا دورہ کرنے والے لوگوں کو خوبصورت دستکاری یعنی ہاتھ سے بنی ہوئی اشیاء اور پاکستان کے روایتی کھانوں کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔

اسٹال پر بڑی خوبصورتی سے پاکستانی ثقافت کی عکاسی کی گئی تھی خاص طور پر غیر ملکیوں کو پاکستان کے متنوع ثقافت سے آگاہی کے لیے اسٹالز پر روایتی دستکاری کی اشیاء، کڑھائی والے ملبوسات، کڑھائی والی شالیں، بیگز، کشن کورز، چوڑیاں اور سلک کوٹ کے ساتھ پاکساتن کے روایتی کھانے بھی موجود تھے۔

کھانے کے اسٹال پر شاندار مہک اور ذائقے والی بریانی نے لوگوں کی توجہ حاصل کی جب کہ دستکاری کے اسٹال پر لوگوں کی بڑی تعداد نے ہاتھ سے بنی ہوئی اشیاء میں گہری دلچسپی دکھائی۔

اس موقع پر لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر ابن عباس نے ٹاؤن ہال میں پاکستانی اسٹال کا دورہ کیا اور پاکستانی سفارت خانے کی خواتین کی کوششوں کو سراہا جنھوں نے پاکستانی ثقافت اور مصنوعات کے فروغ کے لیے میلے میں پاکستانی ہنر مند عورتوں کی مصنوعات متعارف کرائیں اور اس حوالے سے لوگوں کو معلومات فراہم کیں۔

انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ دولت مشترکہ کے ساتھ ہمارے بہترین تعلقات ہیں اور اس طرح کی تقریبات کا انعقاد تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔

سالانہ دولت مشترکہ نمائش کا اہتمام کامن ویلتھ کینٹریز لیگ ( سی سی ایل) کے تعلیمی فنڈ کے لیے کیا گیا تھا جہاں دولت مشترکہ کے ممالک کے تعاون سے تعلیمی فنڈ کے لیے چندہ اکھٹا کیا گیا اور پاکستانی اسٹال کی آمدنی بھی تعلیمی فنڈ کو دی گئی۔

XS
SM
MD
LG