رسائی کے لنکس

کرونا سے متعلق غلط معلومات، وینزویلا کے صدر کا فیس بک پیج معطل


وینزویلا کے صدر نکولس مدورو
وینزویلا کے صدر نکولس مدورو

سماجی رابطوں کی سب سے بڑی ویب سائٹ 'فیس بک' نے کہا ہے کہ کمپنی نے کووڈ-19 سے متعلق غلط معلومات کا پرچار کرنے پر وینزویلا کے صدر نکولس مدورو کا پیچ 30 دن کے لیے منجمد کر دیا ہے۔

فیس بک کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا کہ مدورو نے کرونا کے علاج کے لیے اپنے پیج پر جڑی بوٹیوں سے تیار کیے گئے ایک مشروب سے متعلق بغیر کسی طبی حقائق کے ایک ویڈیو شیئر کی تھی۔

ترجمان کے بقول صدر نے اس ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ یہ کرونا وائرس کے خلاف ایک مؤثر دوا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ وینزویلا کے صدر نے مزید لکھا کہ یہ مشروب ایک معجزہ ہے جو کسی بھی مضر اثرات کے بغیر کرونا وائرس کا خاتمہ کر سکتا ہے۔

ان کے مطابق فیس بک عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی ہدایات کو مستند مانتا ہے اور ڈبلیو ایچ او کے مطابق ابھی تک اس وائرس کے علاج کے لیے کوئی دوا مارکیٹ میں نہیں آئی۔

دنیا کے کئی ممالک اس وقت کرونا وائرس کی نئی لہر کی لپیٹ میں ہیں اور سوشل میڈیا کے بڑے پلیٹ فارمز نے عالمی وبا اور ویکسین کے متعلق اطلاعات پوسٹ کرنے کے لیے نئے قواعد و ضوابط وضح کیے ہیں۔

تاہم ماہرین کے مطابق اب بھی کئی سوشل میڈیا اکاونٹس غیر مصدقہ اطلاعات پھیلا رہے ہیں۔

فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام کو ان کے پلیٹ فارمز پر غلط معلومات کی موجودگی کی وجہ سے تنقید کا بھی سامنا ہے۔

ادھر کرونا وبا سے متاثرہ ملک برازیل میں یومیہ 2400 افراد اس مہلک وبا سے ہلاک ہو رہے ہیں جو دنیا بھر میں مجموعی اموات کا ایک چوتھائی ہیں۔

XS
SM
MD
LG