رسائی کے لنکس

logo-print

فیس بک کا آن لائن کاروبار کے لیے نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان


فیس بک کے بانی رہنما مارک زاکر برگ

سوشل نیٹ ورک پلیٹ فارم 'فیس بک' نے 'شاپس' کے نام سے نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

اس فیچر کی بدولت چھوٹے کاروباری اداروں کو 'فیس بک' اور 'انسٹاگرام' پر بلا معاوضہ آن لائن اسٹور قائم کرنے کا موقع ملے گا جہاں وہ فروخت کے لیے مختلف اشیا پیش کر سکیں گے۔

'فیس بک' کے بانی سربراہ مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ نئے فیچر سے چھوٹے کاروباری اداروں کے لیے آن لائن کاروبار کرنا آسان ہو جائے گا۔

ان کے بقول اگر کوئی ادارہ یا فرد اپنی دکان یا ریستوران کسی دن نہیں کھول سکا تو اس فیچر کی بدولت اسے آن لائن آرڈر لینے میں مدد ملے گی اور گاہک کو بھی اس فیچر کے ذریعے اپنا مطلوبہ سامان یا آرڈر گھر کی دہلیز پر ہی مل سکے گا۔

زکربرگ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرونا کی وبا کے دوران انہوں نے بہت سے چھوٹے کاروباری اداروں کو پہلی بار آن لائن بزنس کا حصہ بنتے دیکھا ہے۔ لہٰذا اس فیچر کے ذریعے چھوٹے کاروباری اداروں اور تاجروں کے لیے آن لائن بزنس کرنا آسان ہو جائے گا۔

وہ کاروباری ادارے جو فیس بک پر مصنوعات فروخت کے لیے پیش کریں گے، وہ اس نئے فیچر 'شاپس' میں نمایاں طور پر نظر آئیں گے اور خریدار فوری طور پر انہیں آرڈر کر سکیں گے۔

اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے کچھ کاروباری ادارے براہِ راست فیس بک پر اشیا فروخت کرسکیں گے جب کہ کچھ اداروں کو اس کے لیے ایک بزنس ویب پیج بنانا ہو گا۔

اس ای کامرس فیچر کے لیے فیس بک نے کینیڈین آن لائن شاپنگ کمپنی 'شوپیفائی' کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔ اس کے علاوہ وہ دیگر سات آن لائن شاپنگ پلیٹ فارمز کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔

رواں برس اس فیچر کو 'شاپنگ ٹیب' کے نام سے فیس بک کی نیوی گیشن بار میں شامل کر دیا جائے گا۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی ایک رپورٹ کے مطابق فیس بک کو سوشل نیٹ ورک پر صارفین کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ اشتہارات سے بھی بڑے پیمانے پر آمدنی متوقع ہے۔

'فیس بک' کی جانب سے اپنی ایپس میں کئی دوسرے ای کامرس آپشنز بھی متعارف کرائے گئے ہیں جن کے استعمال سے اشتہارات پر مبنی کاروبار میں مزید بہتری آسکے گی۔

'فیس بک' کے سربراہ مارک زکربرگ نے ایک لائیو اسٹریم کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئے فیچر سے ای کامرس کو فروغ ملے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران معیشت کی بحالی کے لیے ای کامرس کو فروغ دینا بہت ضروری ہے۔

'فیس بک شاپس' سے 'ایمیزون'، 'ای بے' اور اسی قسم کے دیگر آن لائن کاروباری اداروں کے درمیان صحت مند مقابلے کی فضا پیدا ہو گی۔

فیس بک نے اس فیچر کو متعارف کرانے کا اعلان فوٹو شیئرنگ ایپ 'انسٹاگرام' اور میسیجنگ ایپ 'واٹس ایپ' پر خریداری کے محدود آپشنز متعارف کرانے کے ایک سال بعد کیا ہے۔

فیس بک کو اس فیچر سے اشتہارات، ادائیگیوں اور دیگر سروسز کی مد میں آمدنی کے نئے مواقع مل سکیں گے۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG