رسائی کے لنکس

پشاور سے بڑی تعداد میں جعلی کرنسی برآمد،3 ملزمان گرفتار


ملزمان سے برآمد ہونے والی جعلی کرنسی
ملزمان سے برآمد ہونے والی جعلی کرنسی

صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں پولیس نے ایک کارروائی میں بڑی مقدار میں جعلی کر نسی برآمد کی ہے ۔

پشاور کیپٹل سٹی پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار جاوید اقبال خان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ کارروائی کے نتیجے میں چھ کروڑ روپے کی جعلی کرنسی برآمد کی گئی ہے جبکہ تین ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف پولیس اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے مشترکہ طور پر کارروائی میں حصہ لیا۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ جعلی کرنسی رکھنے کے الزام میں 9 ملزمان ملوث ہیں۔ تین کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ باقی ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

جاوید اقبال نے کہا کہ مجموعی طور پر 19 کروڑ روپے کی جعلی کرنسی چھاپی جارہی تھی جس میں سے چھ کروڑ کی چھپائی مکمل ہوچکی تھی۔

ان کا مزید بتانا تھا کہ متعلقہ پریس کے مالک اور ملازمین کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

جاوید اقبال نے کہا کہ اتنی بڑی مقدار میں جعلی کرنسی کا ہدف صرف پشاور یا خیبر پختونخوا کے لوگ نہیں تھے بلکہ اس کرنسی کو ملک بھر کی مارکیٹوں میں پھیلانے کا منصوبہ تھا جسے بروقت کارروائی کے نتیجے میں ناکام بنا دیا گیا ۔

جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

پولیس حکام نے انکشاف کیا کہ جعلی کرنسی نوٹ چھپوانے کیلئے پشاور کے علاقے کا کشال میں فیکٹری قائم کی گئی تھی۔

پولیس نے پرنٹنگ پریس اور دیگر آلات بھی قبضے میں لے لئے ہیں۔

گرفتار ملزمان میں سے ایک کا تعلق پشاور کے قریبی نیم قبائلی پٹی درہ آدم خیل سے بتایا جارہاہے جہاں مبینہ طور پر عرصہ دراز سے جعلی کاغذات کی چھپائی کی اطلاعات تھیں۔

XS
SM
MD
LG