رسائی کے لنکس

بھارت: سپریم کورٹ کا حکومت کو متنازع زرعی قوانین کا نفاذ روکنے کا مشورہ


بھارت میں تین متنازع زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا احتجاج تئیسویں دن بھی جاری رہا۔
بھارت میں تین متنازع زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا احتجاج تئیسویں دن بھی جاری رہا۔

بھارت کی سپریم کورٹ نے متنازع زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج کے دوران سڑکیں خالی کرانے سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے بھارتی حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مذکورہ قوانین کا نفاذ روک دے۔

عدالت کے مطابق ایسا کرنے سے کسانوں سے مذاکرات میں مدد ملے گی۔ دوسری طرف حکومت کا کہنا ہے کہ اگر قوانین کا نفاذ روک دیا گیا تو کسان مذاکرات کے لیے آگے نہیں آئیں گے۔

عدالت نے سماعت کے دوران کسی بھی قانون کے خلاف احتجاج کرنے کو شہریوں کا بنیادی حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حق کو محدود کرنے کا کوئی سوال ہی نہیں ہے۔ البتہ عدالت کا یہ بھی کہنا تھا کہ احتجاج سے دوسروں کے حقوق متاثر نہیں ہونے چاہئیں۔ عدالت نے کہا کہ آپ کسی سڑک کو بند نہیں کر سکتے۔

خیال رہے کہ بھارت میں تین متنازع زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا احتجاج 23 روز سے جاری ہے۔

چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی سربراہی میں سماعت کرنے والے بینچ نے حکومت سے کہا کہ وہ متنازع قوانین کے عدم نفاذ پر غور کرے اور کسان تنظیموں کو نوٹس جاری کرے۔ جواب میں حکومت کی طرف سے بتایا گیا کہ کسانوں کو نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ وہ بھی بھارتی ہیں اور کسانوں کی دشواریوں سے واقف ہیں اور ان کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں۔

سماعت کے دوران کسان تنظیمیں عدالت میں موجود نہیں تھیں۔ اس لیے سماعت مؤخر کر دی گئی۔

عدالت نے بدھ کو سماعت کرتے ہوئے کہا تھا کہ چوں کہ بات چیت سے کوئی نتیجہ نہیں نکل رہا، اس لیے وہ حکومت اور کسان تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے گی۔ جمعرات کی سماعت میں بھی اسی بات کا اعادہ کیا گیا۔

بھارت: زرعی بلوں کے خلاف اپوزیشن اور کسان سڑکوں پر
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:25 0:00

ادھر بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے گجرات میں عوام سے خطاب کے دوران مذکورہ قوانین کی پھر حمایت کی اور انہیں کسانوں کے مفاد میں قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حزبِ اختلاف کی جماعتیں کسانوں کو گمراہ کر رہی ہیں۔

انہوں نے کسانوں سے کہا کہ حکومت ان کی ہر قسم کی شکایات دور کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔

اس تمام صورتِ حال پر بھارت کے ایک سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر ابھے کمار مشرا نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں اس معاملے کو لے جانا اس بات کا اشارہ ہے کہ حکومت کا ارادہ ٹھیک نہیں ہے۔

ان کے مطابق جمہوریت کو ختم کرنے کے لیے تحریکوں کو نظم و نسق کا مسئلہ بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ ان کے بقول حکومت میڈیا کی مدد سے کسان تحریک کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ابھے کمار مشرا نے مزید کہا کہ ایسا شہریت سے متعلق قانون (سی سی اے) کی مخالف تحریک کے دوران بھی دیکھا گیا تھا۔

ان کے بقول جس طرح حکومت نے اس تحریک کو ختم کرا دیا، اسی طرح وہ سمجھتی ہے کہ اس بار بھی وہ ایسا کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ حکومت اس بار ایسی کسی بھی کوشش میں کامیاب نہیں ہو سکے گی۔

بعض کسان تنظیموں کے نمائندوں کی جانب سے وزیرِ اعظم سے ملاقات اور متنازع زرعی قوانین کی حمایت کے سلسلے میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کسانوں کی متبادل تنظیمیں کھڑی کر کے کسان تحریک کو توڑنا چاہتی ہے۔

ابھے کمار نے کہا کہ ایک طرف حقیقی کسان ہیں جو ہزاروں کی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور دوسری طرف چند کسان ہیں جو حکومت سے مل رہے ہیں۔ ان کے بقول وہ لوگ دراصل حکومت سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں اور یہ نہیں کہا جا سکتا کہ آیا وہ حقیقی کسان ہیں کہ نہیں۔

تجزیہ کار ڈاکٹر ابھے کمار مشرا کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں اس معاملے کو لے جانا اس بات کا اشارہ ہے کہ حکومت کا ارادہ ٹھیک نہیں ہے۔
تجزیہ کار ڈاکٹر ابھے کمار مشرا کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں اس معاملے کو لے جانا اس بات کا اشارہ ہے کہ حکومت کا ارادہ ٹھیک نہیں ہے۔

احتجاج کرنے والی کسان تنظیموں کے رہنماؤں کا بھی کہنا ہے کہ حکومت سے ملنے اور متنازع قوانین کی حمایت کرنے والے کسان ان کے ساتھ نہیں ہیں۔ ان کے مطابق وہ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لوگ ہیں۔

سکھ مذہبی رہنما کی خود کشی

دریں اثنا بدھ کے روز نئی دہلی اور ہریانہ کے درمیان سنگھو بارڈر پر ایک سکھ مذہبی رہنما بابا رام سنگھ نے خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے لائسنس والی بندوق سے خود کو گولی ماری۔

رام سنگھ نے مبینہ طور پر خود کشی سے قبل اپنے نوٹ میں لکھا کہ وہ مذکورہ قوانین کے خلاف اور احتجاج کرنے والے کسانوں کی حمایت میں اپنی جان دے رہے ہیں۔ نوٹ کے مطابق وہ کسانوں کی بدحالی نہیں دیکھ سکتے، اس لیے خود کشی کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ جمعرات کو مزید دو کسانوں کی اموات ہو گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کی موت کی وجہ بظاہر ٹھنڈ لگنا ہے۔

ذرائع کے مطابق کسانوں کے احتجاج کے دوران اب تک تقریباً 25 کسانوں کی اموات ہو چکی ہیں۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG