رسائی کے لنکس

'انکل سرگم' کے کردار کو زندگی دینے والے فاروق قیصر اپنے آخری سفر پر روانہ ہو گئے


فاروق قیصر کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان، صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، حزب اختلاف کے لیڈر شہباز شریف سمیت فنکاروں اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے غم و افسوس کا اظہار کیا۔
فاروق قیصر کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان، صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، حزب اختلاف کے لیڈر شہباز شریف سمیت فنکاروں اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے غم و افسوس کا اظہار کیا۔

معروف کالم نگار، ڈائریکٹر، پینٹر، پپٹیر، سکرپٹ رائٹر اور وائس اوور آرٹسٹ، کئی کتابوں کے مصنف اور کردار انکل سرگم کے خالق فاروق قیصر جمعے کے روز انتقال کر گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے انتقال کی خبر کی تصدیق ان کے اہل خانہ نے کی۔ رپورٹس کے مطابق وہ دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔ جمعے کے روز ان کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں اسپتال لے جایا گیا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

فاروق قیصر کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان، صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، حزب اختلاف کے لیڈر شہباز شریف سمیت فنکاروں اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے دکھ کا اظہار کیا ہے اور تعزیتی پیغام جاری کیے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان میں 1976 میں پہلی بار ٹیلی ویژن پر پتلی تماشے پر مبنی ایک پروگرام 'کلیاں' متعارف کروایا گیا۔ 'کلیاں' پروگرام کے مرکزی کرداروں 'انکل سرگم' 'ہیگا'، 'ماسی مصیبتے' اور کئی دوسرے کرداروں کو آرٹسٹ اور پینٹر فاروق قیصر نے تخلیق کیا تھا۔ اس کے بعد عوام میں وہ اسی نام سے مقبول ہو گئے۔

فاروق قیصر نہ صرف پتلیاں یا پپٹ بنانے میں کمال رکھتے تھے، بلکہ پینٹر، مصنف، کالم نگار، کارٹونسٹ اور ٹی وی پروڈیوسر بھی تھے۔ انہوں نے اس طرز کے فن کے تمام شعبوں میں اپنا لوہا منوایا۔ وہ نہ صرف آرٹسٹ تھے، وہ این سی اے اور فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی میں تدریس کے شعبے سے بھی وابستہ رہے۔

ان کو ان خدمات کے پیش نظر 1993 میں تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا تھا۔

31 اکتوبر 1945 میں لاہور میں پیدا ہونے والے فاروق قیصر نے نیشنل کالج آف آرٹس سے تعلیم حاصل کی اور رومانیہ سے گرافک آرٹس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے 1999 میں یونیورسٹی آف سدرن کیلی فورنیا سے ماس کمیونیکیشن کی پوسٹ گریجویٹ ڈگری بھی حاصل کی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں فاروق قیصر کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ فاروق قیصر محض اداکار ہی نہ تھے بلکہ سماجی ناانصافیوں اور معاشرتی ایشوز کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کا ایک مستقل وسیلہ تھے۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے اپنی ٹویٹ میں انہیں خراج تحسین ادا کرتے ہوئے لکھا کہ مرحوم نے ہردلعزیز كردار 'انکل سرگم' سے نہ صرف اہم سماجی مسائل کو اُجاگر کیا, بلکہ پُتلیوں کے ذریعے کرداروں کی پیشکش میں بھی اپنا علیحدہ مقام بنایا۔ اُن کے دنیا سے چلے جانے سے پاکستان میں فنون کا اہم باب بند ہوگیا۔

صدر نے لکھا کہ انہیں تمغہ حسن کارکردگی اور تمغہ امتیاز دینا ریاست کے لیے اعزاز کی بات تھی۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ فاروق قیصر نے اپنے کام سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیری تھیں۔ ٹی وی کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

XS
SM
MD
LG