رسائی کے لنکس

موسم بہار و گرما کے رنگوں سے سجا ’فیشن ویک‘


’فیشن ویک‘ 19 فروری سے شروع ہو کر 21 فروری تک جاری رہے گا، جس میں 24 معروف اور اُبھرتے ہوئے فیشن ڈیزائنرز اور ریٹیلرز روزانہ 8 فیشن شوز کے ذریعے بہار اور موسمِ گرما کے ملبوسات کی نمائش کریں گے

پاکستان میں نت نئے فیشن کے دلدادہ لوگوں کی بے تابی کم ہونے کا وقت آگیا۔ دل تھام کر بیٹھیے۔ ’فیشن پاکستان ویک2014ء‘ کی تاریخوں کا اعلان ہوگیا ہے، جس میں ڈیزائنرز، لیبلز اور برانڈز کا اعلان بھی شامل ہے۔

اس بار یہ ویک موسم بہار اور سرما کے حسین رنگوں سے سجا ہے۔’ فیشن پاکستان کونسل‘ کی جانب سے ’وائس آف امریکہ‘ کو فراہم کی گئی تفصیلات کے مطابق، ’فیشن ویک‘ 19 فروری سے شروع ہو کر 21 فروری تک جاری رہے گا۔

چھٹے فیشن ویک میں 24 معروف اور اُبھرتے ہوئے فیشن ڈیزائنرز اور ریٹیلرز روزانہ 8 فیشن شوز کے ذریعے بہار اور موسمِ گرما کے ملبوسات کی نمائش کریں گے۔ ان معروف ڈیزائنرز میں ماہین خان، شامعیل انصاری، نومی انصاری، حسن شہریار یاسین، دیپک پاروانی، فہد حسین، فراز منان، آمنہ عقیل، جعفر جیز، گل احمد، عدنان پردیسی، زینب چھوٹانی، ٹپو جویری، کامیار روکنی، ماہین حسین، ندا پرویز، علی ذیشان اور دیگر شامل ہیں۔

ایونٹ ’فیشن پاکستان ویک اسپرنگ اینڈ سمر2014ء‘ کے نام سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ ایونٹ کے تحت فیشن کے شعبے میں اعلیٰ مہارت دکھانے والے افراد کو 3 ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔

کونسل کے ڈیزائنر فیشن شو کے دوران بھرپور صلاحیت اور ہنر کا مظاہرہ کرنے والے افراد کو ایوارڈز سے نوازیں گے۔ ان ایوارڈز کیٹیگریز میں ’ایمرجنگ ٹیلنٹ‘، ’ڈائمنڈڈیزائنر ایوارڈ‘ اور ’بیسٹ کلیکشن ایوارڈ‘ شامل ہیں۔

شوز کی کوریوگرافی’ایچ ایس و ائے اینڈ پروڈکشن‘ نے انجام دی ہے، جبکہ بیک اسٹیج مینجمنٹ پروڈکشن 021 اور پروڈکشن سی کے او کے زیرنگرانی ہوگا۔ تقریب کی آفیشیل فوٹو گرافی معروف فوٹوگرافر ٹپو جویری کریں گے۔

فیشن پاکستان ویک اسپرنگ اور سمر 2014ء کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے فیشن پاکستان کونسل کی چیئرپرسن صنم چوہدری کا کہنا تھا ’فیشن ویک کے حوالے سے ہم سب بہت پر امید اور خوش ہیں۔ لاہور اور کراچی کے ابھرتے ہوئے ہنرمند ڈیزائنرز اور ریٹیل برانڈز کو اس کے ذریعے اپنے جوہر دکھانے کا موقع ملے گا۔ اس کے ذریعے پاکستان فیشن انڈسٹری میں نئے اور تجربہ کار ڈیزائنرز کو مزید آگے آنے کا موقع ملے گا۔‘
XS
SM
MD
LG