رسائی کے لنکس

محمد عامر کو ویزا مل گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انگلینڈ پہنچنے والی پاکستانی ٹیم کو محمد عامر کا اب زیادہ دیر تک انتظار نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ اسلام آباد میں موجود برطانوی ہائی کمشن نے اُنہیں آج منگل کے روز ویزا جاری کر دیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ عامر کل بدھ کے روز انگلینڈ روانہ ہو جائیں گے۔

پاکستانی ٹیم کل پیر کے روز انگلینڈ پہنچ گئی تھی۔ یوں عامر 28 اپریل کو کینٹ کے خلاف کھیلے جانے والے چار روزہ پریکٹس میچ کیلئے دستیاب ہوں گے۔

یہ واضح نہیں ہے کہ عامر کو ٹیم کے باقی کھلاڑیوں کے ساتھ بروقت ویزا کیوں جاری نہیں کیا گیا تھا۔ تاہم کچھ حلقوں میں یہ اطلاعات گردش کر رہی ہیں کہ اُنہوں نے لمبے عرصے کیلئے برطانوی ویزے کی درخواست دے رکھی تھی کیونکہ اُن کی شادی ایک برطانوی شہری سے ہوئی تھی۔ لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔

اس سے پہلے جب 2016 میں پاکستانی ٹیم نے انگلینڈ کا دورہ کیا تھا تو اُس وقت بھی عامر کو تاخیر سے ویزا جاری کیا گیا تھا۔ کچھ حلقوں کے مطابق ویزے میں تاخیر کی وجہ 2010 میں اُن کی سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں جیل کی سزا ہو سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ انگلینڈ پہنچنے والی پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ مضبوط دکھائی دیتی ہے۔ تاہم باؤلنگ کے شعبے میں یہ ٹیم قدرے کمزور ہے۔ یوں محمد عامر کی موجودگی سے پاکستانی ٹیم کو باؤلنگ کے شعبے میں تقویت حاصل ہو گی۔ عامر نے اب تک 30 ٹیسٹ کھیلے ہیں جن میں اُنہوں نے 32.87 کی اوسط سے 95 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ یوں وہ پاکستانی ٹیم میں سب سے زیادہ تجربہ کار فاسٹ بالر ہیں۔ اُن کے بعد راحت علی ہیں جنہوں نے صرف 20 ٹیسٹ کھیلے ہیں جبکہ محمد عباس نے پانچ اور حسن علی نے محض دو ٹیسٹ کھیلے ہیں۔

XS
SM
MD
LG