رسائی کے لنکس

فواد عالم کی ویب سیریز ’خودکش محبت‘ کا ٹریلر؛ 'بھائی یہ کس لائن میں آ گئے آپ'


 فواد عالم نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے چاہنے والے جتنا انہیں کرکٹ کے میدان میں پسند کرتے ہیں اتنا ہی وہ انہیں اداکاری کے میدان میں بھی پسند کریں گے۔
فواد عالم نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے چاہنے والے جتنا انہیں کرکٹ کے میدان میں پسند کرتے ہیں اتنا ہی وہ انہیں اداکاری کے میدان میں بھی پسند کریں گے۔

پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کھیل کے میدان کے بعد اب اداکاری کی دنیا میں بھی اپنی قسمت آزمانے کو تیار ہیں۔

فواد عالم جلد پاکستان کے او ٹی ٹی پلیٹ فارم ’اردو فلکس‘ کی ویب سیریز 'خودکش محبت' میں اداکاری کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔

کرکٹر فواد عالم کی ویب سیریز 'خود کش محبت' کی کہانی ایک غریب خاندان کے گرد گھومتی ہے جس میں فواد عالم 'احمد' نامی نوجوان کا کردار ادا کر رہے ہیں جو ایک مدرسے میں پڑھاتا ہے۔

ویب سیریز میں احمد (فواد عالم) کے والد ایک دینی اسکالر کے گھر ڈرائیور کی نوکری کرتے ہیں اور احمد کو اسی اسکالر کی بیٹی زیب (فاریہ حسن) سے محبت ہوتی ہے۔

ویب سیریز میں دکھایا گیا ہے کہ زیب کے والدین اس کی شادی احمد کے بجائے کسی اور سے کرنا چاہتے ہیں۔

فواد عالم نے آٹھ اپریل کو سوشل میڈیا پر اپنی ویب سیریز 'خودکش محبت' کا ٹریلر شیئر کیا۔

فواد عالم کا کہنا تھا کہ اردو فلکس پر آنے والی ویب سیریز خودکش محبت میں بطور اداکار ڈیبیو کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہوئی۔

پاکستانی کھلاڑی فواد عالم نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے چاہنے والے جتنا انہیں کرکٹ کے میدان میں پسند کرتے ہیں۔ اتنا ہی وہ اداکاری کے میدان میں بھی انہیں پسند کریں گے۔

فواد عالم کا مزید کہنا تھا کہ چاہنے والوں کی دعائیں، محبت اور حمایت ان کے لیے سب سے اہم ہے۔

کرکٹر فواد عالم کی جانب سے ویب سیریز 'خودکش محبت' کا ٹریلر شیئر کرنے کے بعد ساتھی کھلاڑیوں نے فواد عالم کو اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے پر سراہا۔

پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے فواد عالم کی اداکاری کی تعریف کی۔

سہیل تنویر نے فواد عالم کو کہا کہ میرا ہیرو بھائی۔

پاکستانی کھلاڑی جنید خان نے فواد عالم کے اس نئے آغاز پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دوسری جانب جہاں ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے فواد عالم کو اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کو سراہا جا رہا ہے وہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردِ عمل سامنے آ رہا ہے۔

فواد عالم کی اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے پر ایک سوشل میڈیا صارف خدیجہ کہتی ہیں کہ بھائی یہ کس لائن پر آ گئے آپ۔

ایک اور صارف افتخار احمد فواد عالم کو مشورہ دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ کرکٹ پر ہی توجہ رکھتے تو اچھا تھا۔ اداکاری کے لیے ہمارے پاس ہمایوں سعید وغیرہ ہی اچھے ہیں۔

فواد عالم کے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے پر ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں یہ ایک اچھا فیصلہ نہیں ہے۔ آپ کو کرکٹ پر ہی توجہ رکھنی چاہیے اور اداکاری نہیں کرنی چاہیے۔

اسی طرح ایک صارف شہباز خان کا کہنا تھا کہ ماشاء اللہ بھائی، اللہ کامیابی کرے، لیکن فواد بھائی کرکٹ سے دھیان نہ ہٹایے گا۔ آپ کرکٹ کا بہت بڑا اثاثہ ہیں۔

XS
SM
MD
LG