رسائی کے لنکس

فواد خان کی بالی وُڈ میں انٹری


’خوب صورت‘ پرانی فلم کا ری میک ہے جس کی کہانی ایک لڑکی کے گرد گھومتی ہے۔ یہ کردار ماضی میں ریکھا نے ادا کیا تھا جبکہ ہیرو کا جو کردار فواد خان کو ملا ہے وہ راکیش روشن نے ادا کیا تھا۔

پاکستانی ڈرامہ اسٹار فواد خان بھی ممبئی فلم انڈسٹری کو ’پیارے‘ ہوگئے۔ اسی لئے انہیں بالی وُوڈ ہیرؤن سونم کپور کے ساتھ فلم ’خوب صورت‘ میں کام کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات یہ ہیں کہ فواد کراچی سے براہ ِراست فلم کے سیٹ پر بھارتی ریاست راجستھان کے تاریخی شہر بیکانیر پہنچ گئے ہیں۔

فواد خان ڈرامہ سیریل ’ہم سفر‘ میں ہیرو تھے۔ اس ڈرامے کو پاکستان کے کامیاب ترین ڈرامہ سیریلز میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس وقت بھی یہ عربی زبان میں ڈب کرکے ’مڈل ایسٹ براڈکاسٹنگ کارپویشن‘ یعنی ایم بی سی سے پیش کیا جا رہا ہے۔

’ہم سفر‘ کے علاوہ فواد کے کریڈیٹ پر اور بھی کئی کامیاب ڈرامہ سیریلز ہیں جن میں ’زندگی گلزار ہے‘ بھی شامل ہے۔ اب یہی فواد حسین آپ کو سونم کپور کے مقابل آنے والی فلم ” خوب صورت“ میں نظر آئیں گے۔

’خوب صورت‘ سن 1980ء کی اِسی نام سے بننے والی ہٹ فلم کا ری میک ہے جس کی کہانی ایک لڑکی کے گرد گھومتی ہے۔ ماضی میں اس فلم کی مرکزی لڑکی کا کردار بالی وُوڈ کی سدا بہار ہیرؤن ریکھا نے ادا کیا تھا جبکہ ہیرو کا جو کردار فواد خان کو ملا ہے وہ رہتک روشن کے والد راکیش روشن نے ادا کیا تھا۔

ٹائمز آف انڈیا نے خبر دی ہے کہ فلم کو ششانکر گھوش ڈائریکٹ اور سونم کپور کی بہن ریہا پروڈیوز کر رہی ہیں۔

فواد بھارتی فلم میں کام کریں گے، یہ خبر پہلے ہی منظر ِعام پر آچکی تھی لیکن فواد کی جانب سے اس بارے میں تصدیق یا تردید نہیں کی جا رہی تھی۔ مگر اب فواد نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر پیغام دیا ہے کہ وہ ’خوب صورت‘ کے سیٹ پر موجود ہیں اور انہیں بہت مزہ آرہا ہے۔ انہوں نے اپنی ایک تصویر بھی ویب سائٹ پر پوسٹ کی ہے۔
XS
SM
MD
LG