رسائی کے لنکس

بھارت میں پاکستانی ’ہیرو‘ فواد خان کی شہرت کے چرچے


فواد خان اپنی ہیروئن سونم کپور کے ساتھ زور و شور سے فلم کی پبلسٹی میں مصروف ہیں۔ بھارتی فینز فواد کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جاننا چاہتے ہیں۔۔۔

کراچی ... پاکستان کی چھوٹی اسکرین کے بڑے اسٹار فواد خان کی پہلی بالی وڈ فلم ’خوبصورت‘ 19ستمبر کو ریلیز ہونے والی ہے ۔ فواد خان اپنی ہیروئن سونم کپور کے ساتھ زور و شور سے فلم کی پبلسٹی میں مصروف ہیں۔

بھارتی فینز فواد کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جاننا چاہتے ہیں اس لئے ’فنانشیل ایکسپریس‘ نے فواد خان سے بات چیت کی جس میں فواد نے ہر معاملے پر بے تکلف انداز میں اظہارخیال کیا۔

کچھ ’خوبصورت‘ کے بارے میں ۔۔
فواد خان نے بتایا کہ ’خوبصورت‘ میں وہ راجپوت پرنس وکرم سنگھ راٹھورکا رول نبھا رہے ہیں جو سنجیدہ اور اصولوں کا پابند انسان ہے۔ فواد کا کہنا تھا ’اس کیریکٹر کے بارے میں، میں مزید یہی کہہ سکتا ہوں کہ وکرم سنگھ ’ساوٴنڈآف میوزک‘ میں کرسٹوفر پلمر اور ’پریٹی وومن‘ میں رچرڈ گیئر کے رولز کا مکسچر ہے۔‘

خوبصورت میں کاسٹ کیسے ہوئے؟
’پچھلے سال جنوری میں انہیں انیل کپور فلم کارپوریشن سے کال موصول ہوئی جس میں خوبصورت کا اسکرپٹ بھیجنے کی اطلاع دی گئی تھی۔۔نومبر 2013میں ممبئی گیا اور سونم کپور سے آدھے گھنٹے کی ملاقات میں ہم شوٹنگ کا شیڈول بھی پلان کرچکے تھے۔‘

شوبز کیرئیر کی شروعات
’ایکٹنگ سے پہلے میں ایک راک بینڈ کا حصہ تھا جس کا نام ’این ٹیٹی پیراڈم‘ تھا۔ بینڈ میں نے دوستوں کے ساتھ مل کر اس وقت بنایا جب ہم نے کالج لیول پر ’بیٹل آف دی بینڈز‘ کا مقابلہ جیتا۔‘ فواد کے مطابق ’میں ایک کاہل شخص ہوں اور کوئی کام پلان کر کے نہیں کرتا۔۔ میوزک بھی بس کرلیا۔۔ہم نے پاکستان میں متبادل راک بینڈ متعارف کرانے کی کوشش کی اور کوک اسٹوڈیو میں بھی پرفارم کیا۔۔‘

پہلا شاٹ
مجھے اپنا پہلا شاٹ تو یاد نہیں۔ لیکن، یہ ضرور یاد ہے کہ میں پہلے دن بہت نروس تھا۔۔حالانکہ میں کافی سالوں سے ایکٹنگ کر رہا ہوں۔ لیکن، ہر مرتبہ جب سیٹ پر جاتا ہوں تو نروس ہوتا ہوں۔۔بھارت میں نئے ماحول، نئے لوگوں کے ساتھ کا م کرنے کا ٹینشن تو تھا، لیکن پھر صورتحال نارمل ہوگئی۔‘

خوشگوار یاد
فلم ’خوبصورت‘ کی شوٹنگ میں رات بارہ بجے جب بریک ہوا تو پتا چلا یونٹ کے لوگوں نے میری سالگرہ منانے کا اہتمام کیا ہے۔۔ یہی نہیں بلکہ انہوں نے اسکائپ پر میری بیوی اور بیٹے کو بھی شریک کیا۔۔۔وہ سب لمحات میری زند گی کے بہت خاص اور یادگار لمحات ہیں، کیونکہ میں کسی دوسرے ملک میں تھا۔‘

کام میں مشکلات
’سب سے بڑی مشکل جو کام کے دوران ہوئی وہ زبان تھی۔۔ میں اپنے ڈائیلاگ بولتا تھا اور جب اختتام کرتا تھا تو اردو میں جو بھارت میں عام طورپرویسے نہیں بولی جاتی جیسے پاکستان میں۔۔فلم کے ڈائرکٹر ششانکا گھوش نے کئی بار مجھے اردو کے مشکل الفاظ بولنے سے روکا۔‘

رول ماڈل
میرا سب سے بڑا رول ماڈل میرا دوست اور ڈائریکٹر عاصم رضا ہے۔ ہم دونوں نے اکٹھے بہت کام کیا ہے۔ میں نے مختلف سبجیکٹس پر عاصم کے کام کرنے کے انداز کو بغوردیکھا ہے۔

مستقبل کے پروجیکٹس
’میں اپنے پروجیکٹس پر زیادہ بات کرنا پسند نہیں کرتا۔ کیونکہ، میں اس بات کا قائل ہوں کہ میرا کام بولے۔۔فی الحال اتنا بتادوں کہ میں کچھ پاکستانی فلموں میں کام کررہا ہوں۔۔ بھارت میں ’خوبصورت‘ ریلیز ہونے والی ہے، جبکہ ایک ٹیلی فلم ’بے حد‘ ریلیز ہوچکی ہے۔‘

XS
SM
MD
LG