رسائی کے لنکس

تارکین وطن اور غریبوں کا درد محسوس کریں: پوپ فرانسس


پوپ فرانسس
پوپ فرانسس

انہوں نے کہا کہ،" اپنے شہروں کی گلیوں میں چلتے ہوئے ہم شدید غربت اور انسانی اسمگلنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے درد محسوس کر سکتے ہیں۔"

اتوار کو دنیا بھر میں مسیحی برادری ایسٹر کا تہوار منا رہی ہے جو ان کے عقیدے کے مطابق یسوع مسیح (حضرت عسیٰ) کے زندہ ہونے کی یاد میں منایا جاتا ہے اور اس مذہب کا اہم ترین تہوار تصور کیا جاتا ہے۔

رومن کیتھولک مسیحوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے ہفتہ کو دیر گئے اس سلسلے میں منعقدہ دعائیہ تقریب میں اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ تارکین وطن، غریبوں اور مشکلات سے دوچار افراد کی حالت زار کو نظر انداز نا کیا جائے۔

سینٹ پیٹرز بسلیکا میں ہونے والی خصوصی دعائیہ تقریب میں اپنے کلمات میں پوپ فرانسس نے یسوع مسیح کی والدہ مریم اور مریم مگدلینی کی کتاب مقدس میں کیے گئے ذکر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یسوع مسیح کو مصلوب کیے جانے کے بعد جب وہ ان کی مقبرہ پر گئیں تو وہ بہت غم زدہ تھیں۔

ایسٹر کا تہوار مناتے میسحی
ایسٹر کا تہوار مناتے میسحی

انہوں نے کہا کہ یہی غم آج بھی کئی خواتین کے چہروں سے عیاں ہے۔

"اپنے شہروں کی گلیوں میں چلتے ہوئے ہم شدید غربت اور انسانی اسمگلنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والا درد محسوس کر سکتے ہیں۔ ہم ان کے چہروں کو بھی دیکھ سکتے ہیں جنہیں اس لیے حقارت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے کیونکہ وہ تارکین وطن ہیں، ان کا نا ملک ہے، نا گھر اور ناہی خاندان ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ "ہم ایسے چہرے دیکھتے ہیں جن کی آنکھیں ان کی تنہائی کی عکاسی کرتی ہیں کیونکہ انہیں بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا ہے اس لیے کہ ان کے ہاتھوں پر جھریاں ہیں۔"

ایسٹر کے تہوار سے پہلے کے دنوں میں فرانسس نے ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ گڈ فرائی ڈے کو انہوں نے ان لوگوں پر افسوس کیا جو بم زدہ شہروں اور ڈوب جانے والے تارکین وطن کے بار ے میں بے حس ہو چکے ہیں۔

مصر میں ایسٹر کے موقع پر خاص طور پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں کیونکہ رواں ماہ ہی وہاں قبطی مسیحیوں کے دو گرجا گھروں پر ہونے والے بم حملوں میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG