رسائی کے لنکس

فرانسیسی فٹبالر نکولس انیلکا 5 مارچ کو پاکستان پہنچیں گے


پاکستان میں فٹ بال کو فروغ دینے کیلئے دنیا کے کئی نامور کھلاڑی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔ انہی کوششوں کو ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئے اب معروف انگلش کلب چیلسی اور فرانس کے سابق فٹ بالر نکولس انیلکا بھی پاکستان کا دورہ کریں گے۔

سابق فرانسیسی اسٹار 5 مارچ کو پاکستان پہنچیں گے۔ وہ اسلام آباد میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سے ملک میں فٹ بال کے فروغ کے سلسلے میں تبادلہ خیال کریں گے۔

نیکولس انیلکا نے ایک مختصر ویڈیو پیغام بھی جاری کیا ہے جس میں پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے اُن کا کہنا ہے کہ ’’سلام پاکستان، میں نیکولس انیلکا ہوں۔ میں آ رہا ہوں۔۔ آپ تیار ہو جائیں۔‘

نیکولس انیلکا کا دورہ پاکستان ٹچ اسکائی گروپ کے ورلڈ سوکر اسٹار 2019ء پروگرام کا حصہ ہے۔ اسی گروپ کے تحت جنوری میں پرتگال کے سابق فٹ بالر لوئس فیگو اور برازیلین اسٹار ریکارڈو کراچی اور لاہور کا دورہ کر چکے ہیں۔

انیلکا اپنے دورہ پاکستان کے دوران پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید اشفاق شاہ سے ملاقات کریں گے جس کے دوران ملک میں فٹ بال کے فروغ کے لئے 20 نکاتی ایجنڈے پر بات چیت کریں گے۔

انیلکا نے اپنے دورے کے حوالے سے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری شرکت سے پاکستان میں فٹ بال کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ اسلام قبول کرنے کے بعد میرا پاکستان کے ساتھ خاص تعلق ہے۔ میرا ورلڈ ساکر اسٹارز سے گہرا رشتہ ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ میں 26 سے 29اپریل 2019ء تک کراچی اور لاہور کے دورے کے حوالے سے پراعتماد ہوں اور پاکستان میں اپنے مداحوں کو محظوظ کرنے کا منتظرہوں۔

ٹچ اسکائی گروپ ورلڈ فٹ ساکر اسٹارز کے سربراہ رابرٹ لوئس کا کہنا ہے کہ وہ فٹ بال کے حقیقی فروغ کی ضروریات پر تبادلہ خیال کرنے اور پی ایف ایف کے لیے نچلی سطح پر فٹ بال کا ایک حقیقت پسندانہ ڈھانچہ تشکیل دینے کے لیے خوش ہوں۔

انیلکا اسلام آباد میں دورے اختتام سینٹورس مال میں اپنے مداحوں سے ملاقات کے ساتھ ہوگا جبکہ کراچی میں 27 اپریل اور لاہور میں 28 اپریل کو فٹ بال میچ اورامریکی گلوکار آکون کا کنسرٹ بھی ہوگا۔

XS
SM
MD
LG