رسائی کے لنکس

براؤن کیس فیصلہ: کشیدگی، ہنگامہ آرائی کے واقعات


گرینڈ جیوری کے فیصلے کے بعد، تشدد کے واقعات بھڑک اٹھے، جن میں کاروباری مراکز پر لوٹ مار کی گئی، موٹر گاڑیوں اور کم از کم ایک درجن عمارات کو نذرِ آتش کیا گیا۔ پولیس نے بتایا ہے کہ سینٹ لوئی کے مضافات میں 61 افراد کو گرفتار کیا گیا

اگست میں ایک غیرمسلح سیاہ فام نوجوان کی ہلاکت کے واقعے میں سفید فام پولیس اہل کار کے خلاف جرم ثابت نہ ہونے کے گرینڈ جیوری کے فیصلے کے بعد، امریکی ریاست مِزوری کے شہر، فرگوسن میں شروع ہونے والے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، جب کہ ہنگامہ آرائی میں اضافے کا امکان ہے۔

یہ فیصلہ پیر کی رات گئے سنایا گیا، جِس کے بعد، تشدد کے واقعات بھڑک اٹھے، جن میں کاروباری مراکز پر لوٹ مار کی گئی، موٹر گاڑیاں اور کم از کم ایک درجن عمارات کو نذرِ آتش کیا گیا۔


پولیس نے بتایا ہے کہ سینٹ لوئی کے مضافات میں 61 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

کشیدگی بڑھی ہے، حالانکہ امریکی صدر براک اوباما اور 18 برس عمر کے مائیکل براؤن کے اہل خانہ نے تحمل کی اپیل کی تھی۔ نو اگست کو پولیس اہل کار ڈیرن ولسن کی گولی لگنے سے مائیکل براؤن فوت ہوا تھا۔

توقع ہے کہ براؤن کے اہل خانہ منگل کے روز ایک بیان جاری کرنے والے ہیں۔

اب تک کسی کے شدید زخمی ہونے کی خبر موصول نہیں ہوئی۔ تاہم، پیر کی رات شروع ہونے والی ہنگامہ آرائی، شہر میں کئی ماہ سے جاری کشیدگی کے لحاظ سے شدید نوعیت کی تھی۔

اس سے قبل، امریکیوں کو اس بات کا بے چینی سے انتظار تھا آیا نسلی تناؤ کے اس مقدمے میں، ولسن پر فرد جرم عائد کی جاتی ہے۔ اس اعلان کے بعد کہ وہ الزامات کا سامنا نہیں کریں گے، پیر کی رات ملک کے کئی شہروں میں مظاہرے ہوئے۔ نیویارک سٹی کے ’ٹائمز اسکوائر‘ میں، احتجاج کرنے والوں نے ایک کتبہ اٹھا رکھا تھا جس میں ’پولیس کا ظلم‘ کے الفاظ درج تھے، جب کہ مظاہرین نے ’ہینڈس اَپ، ڈونٹ شوٹ‘ کے نعرے لگائے، جو پولیس کے رویے کے خلاف معروف نعرہ ہے۔

اوکلینڈ اور شکاگو میں، مظاہرین نے ہاتھوں میں ہاتھ ملاکر سڑکوں پر ریلی نکالی۔ چند مظاہرین وائٹ ہاؤس کے باہر جمع ہوئے۔

ادھر گرینڈ جیوری کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے منگل کے روز تحمل کا راستہ اختیار کرنے پر زور دیا دیتے ہوئے مظاہرین سے کہا ہے کہ ’تشدد اور تباہی‘ سے بچا جائے۔

ایک بیان میں، زید رعد الحسین نے کہا کہ لوگوں کو اپنے غصے کا اظہار کرنے اور گرینڈ جیوری کے فیصلے سے اتفاق نہ کرنے کا حق حاصل ہے۔ لیکن، ایسے میں دوسروں کو نقصان پہنچانے یا اُن کی املاک کو نقصان پہنچانے سے احتراز کیا جائے۔

XS
SM
MD
LG