رسائی کے لنکس

فیفا نے پاکستان سے میچ منتقل کرنے کی بنگلہ دیشی درخواست مسترد کردی


فیفا نے پاکستان سے میچ منتقل کرنے کی بنگلہ دیشی درخواست مسترد کردی
فیفا نے پاکستان سے میچ منتقل کرنے کی بنگلہ دیشی درخواست مسترد کردی

فٹبال کی عالمی تنظیم 'فیفا' نے ورلڈ کپ 2014 کے کوالیفائنگ رائونڈ کا میچ پاکستان سے ڈھاکہ منتقل کرنے کی بنگلہ دیشی درخواست مسترد کردی ہے۔

واضح رہے کہ 2014 کے فیفا ورلڈ کپ کیلیے ایشین زون کے پہلے کوالیفائنگ رائونڈ میں رواں ماہ پاکستان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے مابین دو حصوں میں ہونے والے میچ کا پہلا لیگ 29 جون کو ڈھاکا جبکہ دوسرا لیگ 3 جولائی کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

بنگلہ دیش کی فٹبال فیڈریشن کے صدر قاضی صلاح الدین نے پیر کے روز صحافیوں کو بتایا کہ رواں ماہ کے آغاز میں زیورخ میں ہونے والی 'فیفا' کانگریس کے دوران ان کی فیڈریشن نے عالمی تنظیم سے درخواست کی تھی کہ اسے دونوں میچ ہوم گرائونڈ پر کھیلنے کی اجازت دی جائے جسے 'فیفا' نے مسترد کردیا ہے۔

قاضی صلاح الدین کے بقول پاکستان سے میچ منتقل کرنے کی ایک اہم وجہ دورے پر اٹھنے والے اخراجات تھے۔ تاہم ان کے بقول ان کیلیے اصل پریشانی کا سبب یہ ہے کہ بنگلہ دیشی فٹبال ٹیم کے غیرملکی کوچ سیکیورٹی وجوہات کے باعث پاکستان کا دورہ کرنے پر آمادہ نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیشی فٹبال ٹیم کے کروشین کوچ رابرٹ روبک رواں ماہ کے آغاز میں بنگلہ دیش سے واپس وطن روانہ ہوگئے تھے اور اس کے بعد سے ان کا بنگلہ دیشی فٹبال فیڈریشن سے کوئی رابطہ نہیں۔

صلاح الدین نے صحافیوں کو بتایا کہ کوچ کی جانب سے واپس بنگلہ دیش آنے پر عدم آمادگی کی ایک وجہ پاکستان کے دورے کے حوالے سے موجود ان کے خدشات بھی ہوسکتے ہیں۔

'فیفا' کی عالمی رینکنگز میں بنگلہ دیش 163 جبکہ پاکستان 168 نمبر پر ہے۔

2009ء میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد سے بنگلہ دیش کی کسی اسپورٹس ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG