رسائی کے لنکس

فرانس کوارٹر فائنل میں، ارجنٹینا ورلڈ کپ سے باہر


ورلڈ کپ فٹبال 2018ء کے ناک آؤٹ مرحلے کے پہلے میچ میں فرانس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ارجنٹینا کو 4-3 سے شکست دے کر کوارٹرفائنل میں جگہ بنا لی۔ میسی کوئی گول نہ کرسکے یوں ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کا سفر یہیں ختم ہوگیا۔

ارجنٹینا کے جرسی نمبر 10 اسٹار فٹبالرلیونل میسی اپنی ٹیم کے لئے کچھ نہ کر پائے۔ لیکن فرانس کے جرسی نمبر 10 کائلیان ماپے نے اپنی ٹیم کے لئے وہ کیا جو کسی بھی کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے، ماپے نے حریف ٹیم کے دفاع کو تہس نہس کرتے ہوئے دو شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

فرانس کی ٹیم نے کھیل کا آغاز تیز رفتاری سے کیا اور ارجنٹینا کے دفاعی کھلاڑی کے فاؤل پر فرانس کو پنالٹی ملی، 13 منٹ میں مڈفیلڈر انٹونی گریزمین نے کوئی غلطی کیے بغیر گیند گول میں پھینک کر اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلا دی۔

ارجنٹینا نے ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد برتری ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی اور41 ویں منٹ میںاسٹرائیکر اینجل ڈی مارفا نے تقریباً 30 گز کے فاصلے سے پاور فل کک لگا کر گول کردیا اور میچ ایک، ایک سے برابر ہوگیا، پہلا ہاف اسی اسکور پر ختم ہوا۔

دوسرے ہاف کے آغاز ہی میں ارجنٹینا کے مڈفیلڈ رایور بنیگا نے میسی کے پاس پر گول کرکے ٹیم کو دو، ایک سے سبقت دلادی لیکن یہ برتری زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور فرانسیسی کھلاڑیوں نے حیران کن طور پر یکے بعد دیگرے تین گول کرکے چار، دو کی برتری حاصل کرلی۔ بینجمن پوارڈ نے57ویں جبکہ کائلیان ماپے نے 64 ویں اور 68 ویں منٹ میں گول کئے۔

کھیل کے 90 منٹ تک فرانس کو دو گول کی برتری حاصل تھی ،6منٹ کے اسٹاپیج ٹائم میں ارجنٹینا کےسرجیو اگورو نے گول کرکے اسکور چار۔تین کر دیا ، میچ کا اختتام اسی اسکور پر ہوا اور فرانس نے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

لیونل میسی مداحوں کی توقعات پر پورا نہ اُترسکے۔ ورلڈ کپ مقابلوں کے ناک آؤٹ مرحلے میں یہ میسی کا آٹھویں میچ تھا۔ لیکن وہ ان تمام میچز میں کبھی کوئی گول اسکور نہیں کرپائے۔

XS
SM
MD
LG