رسائی کے لنکس

'فیفا' نے پاکستان کی رکنیت معطل کردی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اس وقت لاہور ہائی کورٹ کے ایک سابق جج ایک عدالتی حکم کے تحت بطور ایڈمنسٹریٹر 'پی پی ایف' کے معاملات چلا رہے ہیں جو 'فیفا' کے قواعد کی خلاف ورزی ہے۔

فٹ بال کی عالمی تنظیم 'فیفا' نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی پی ایف) کی رکنیت معطل کردی ہے۔

بدھ کو 'فیفا' کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی رکنیت کی معطلی کا فیصلہ فیڈریشن کے معاملات میں "تیسرے فریق کے مسلسل غیر ضروری مداخلت" کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق 'پی پی ایف' کے دفاتر اور اکاؤنٹس بدستور عدالت کی جانب سے مقرر کیے جانے والے ایک منتظم کے اختیار میں ہیں جو 'فیفا' کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

رکنیت کی معطلی کے بعد پاکستان کی قومی فٹ بال ٹیم اور کلب ٹیمیں کسی بین الاقوامی ایونٹ میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔

رکنیت کی معطلی کے بعد 'پی ایف ایف' اور اس سے منسلک کوئی بھی کھلاڑی یا آفیشل 'فیفا' یا 'ایشین فٹ بال کنفیڈریشن' (اے ایف سی) کے کسی ڈویلپمنٹ پروگرام، کورس یا ٹریننگ سے بھی مستفید نہیں ہوسکے گا۔

خیال رہے کہ اس وقت لاہور ہائی کورٹ کے ایک سابق جج ایک عدالتی حکم کے تحت بطور ایڈمنسٹریٹر 'پی پی ایف' کے معاملات چلا رہے ہیں۔

'فیفا' کے قواعد کے مطابق ملکی فٹ بال فیڈریشنز کو اپنے معاملات میں مکمل خود مختاری حاصل ہونی چاہیے اور انہیں حکومتی کنٹرول سے آزاد ہونا چاہیے۔

بیان میں کہا گیاہے کہ 'پی پی ایف' کے اکاؤنٹس اور دفاتر دوبارہ فیڈریشن کو منتقل کیے جانے کے بعد اس کی رکنیت بحال کردی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG