رسائی کے لنکس

حدیدہ کے ہوائی اڈہ پر 'سعودی اتحادی فورسز کا کنٹرول'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

یمن میں حکام نے بتایا ہے کہ سعودی زیر قیادت فورسز نے باغیوں کے زیر تسلط ساحلی شہر حدیدہ کے ہوائی اڈے کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

یمن کی جلاوطن حکومت کی وفادار فوج نے ہفتہ کو ایک بیان میں کہ اب انجینیئرز ان بارودی سرنگوں کو ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں جو حوثی باغی یہاں لگا کر گئے تھے۔

حوثیوں نے ہوائی اڈے کا قبضہ چھن جانے کے بارے میں فوری طور پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

تقریباً چھ لاکھ آبادی والے اس ساحلی شہر کے جنوب میں یہ ہوائی اڈہ واقع ہے اور تاحال یہ لڑائی شہر کے اندورنی حصے اور اہم بندرگاہ تک نہیں پہنچی ہے۔

ایران کے حمایت یافتہ شیعہ حوثی باغیوں کے خلاف تین روز سے سعودی عرب کی زیر قیادت اتحادی فورسز کی جاری لڑائی میں ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 280 ہوگئی ہے۔

حدیدہ پر باغیوں کا قبضہ ہے اور یہ ساحلی شہر جزیرہ نما عرب کے اس پسماندہ ترین ملک میں رسد اور خوراک کی آمد کے لیے بہت اہم ہے۔

لڑائی کے باعث پہلے ہی شہر میں انسانی بحران کا خدشہ جنم لے چکا ہے جہاں لوگوں کو خوراک اور بنیادی اشیائے ضروری کی قلت کا سامنا ہے۔

سعودی اتحاد نے حوثیوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا بتایا ہے جب کہ باغیوں نے ایک بیان میں کہا کہ انھوں نے حکومت نواز فورسز کی طرف ایک بیلسٹک میزائل داغا۔ تاہم اس بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

یمنی حکام کے مطابق بدھ سے شروع ہونے والی لڑائی میں اب تک یمنی فورسز کے درجنوں اہلکار مارے جا چکے ہیں۔ اکثریت بارودی سرنگوں اور سڑک میں نصب بم پھٹنے سے ہلاک ہوئی۔

XS
SM
MD
LG