رسائی کے لنکس

’ویلکم ٹو کراچی‘ کو پاکستان میں پروموٹ کرنے کی اجازت۔۔!


بالی ووڈ پروڈیوسر واشو بھاگنانی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی نئی فلم ’ویلکم ٹو کراچی‘ کو پاکستان میں پروموٹ کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ’ویلکم ٹو کراچی‘ وہ پہلی فلم ہوگی جس کی پاکستان میں بھی پروموشن ہوسکے گی

یوں تو بھارتی فلموں کا پاکستانی سنیما گھروں میں ریلیز ہونا اب کوئی انوکھی بات نہیں رہ گئی، بلکہ معمول بن گیا ہے۔ لیکن، نئی بالی وڈ فلم ’ویلکم ٹو کراچی‘ کو اس حوالے سے سبقت دی جارہی ہے کہ اس کے پروڈیوسر واشو بھاگنانی کا دعویٰ ہے کہ انہیں پاکستان میں فلم کو پروموٹ کرنے کی باقاعدہ اجازت مل گئی ہے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ ’ویلکم ٹو کراچی‘ وہ پہلی فلم ہوگی جس کی پاکستان میں بھی پروموشن کی جاسکے گی۔

واشو بھاگنانی کے اس دعوے کو بھارت کے ایک موقر اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ نے بھی شائع کیا ہے۔ اخبار کے مطابق، بھاگنانی کا یہ بھی کہنا ہے کہ فلم کی کاسٹ اور کریو کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔

خبر میں فلم کے قریبی ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’یہ نہ صرف بالی وڈ بلکہ پورے بھارت کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے‘، کیونکہ فلم کے نام میں کراچی بھی شامل ہے اور اس میں پاکستان اور بھارت کے تعلقات پر بات بھی کی گئی ہے، ’شاید اسی لئے پاکستانی حکومت نے یہ فیصلہ کیا کہ فلم کی پروموشن پاکستان میں بھی ہونی چاہئے‘۔

ادھر، ایک فلمی ویب سائٹ ’مووی ٹاکیز ڈاٹ کام‘ نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ پاکستان کی وزارت ثقافت نے فلم کے یونٹ کو فلم کا ٹریلر لاہور آکر لانچ کرنے اور ملک بھر میں فلم کی پروموشن کی اجازت دی ہے۔

تاہم، بھارتی اخبار اور ویب سائٹ کے اس دعوے کی پاکستان کے متعلقہ حکام کی جانب سے تصدیق ہونا ابھی باقی ہے، جس کے سامنے آتے ہی، یہ تفصیل شائع کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG