رسائی کے لنکس

واشنگٹن: فوجی اڈے میں مسلح شخص کی موجودگی کی اطلاع غلط ثابت


فائل
فائل

وفاقی حکومت کےایک اعلیٰ اہلکار کے مطابق بظاہر ایسا لگتا ہے کہ اطلاع دینے والا شخص مشق سے لاعلم تھا اور اس نے مشق میں شریک اہلکاروں کو حملہ آور سمجھ کر حکام کو ان کے بارے میں مطلع کیا۔

امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن کے نواح میں واقع ایک فوجی اڈے میں مسلح شخص کی موجودگی کی اطلاع غلط ثابت ہونے کے بعد اڈے کا محاصرہ بڑی حد تک ختم کردیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق میری لینڈ میں واقع 'اینڈریو بیس' میں موجود 'میلکم گرو اسپتال' کے نزدیک دو مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد فوجی اڈے کا محاصرہ کرکے تلاشی لی جارہی تھی۔

حکام کے مطابق واقعے کے وقت فوجی اڈے میں کسی مسلح شخص کی جانب سے فائرنگ کے ممکنہ واقعے سے نبٹنے کی عملی مشق کی جارہی تھی جس کے دوران اسپتال میں موجود ایک شخص نے دو مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاع 911 کو دی تھی۔

وفاقی حکومت کےایک اعلیٰ اہلکار کے مطابق بظاہر ایسا لگتا ہے کہ اطلاع دینے والا شخص مشق سے لاعلم تھا اور اس نے مشق میں شریک اہلکاروں کو حملہ آور سمجھ کر حکام کو ان کے بارے میں مطلع کیا۔

اطلاع کے بعد حکام نے اڈے کی سکیورٹی بڑھادی تھی جب کہ وہاں موجود عملے کے تمام افراد کو محفوظ عمارتوں میں پناہ لینے کی ہدایت کی گئی تھی جسے واپس لے لیا گیا ہے۔

وفاقی انتظامیہ کے مطابق واقعے کے بعد واشنگٹن ڈی سی اور اس کے نواح میں واقع سرکاری اور فوجی تنصیبات کی سکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔

'جوائنٹ بیس اینڈریوز' کا فضائی اڈہ امریکی ایئر فورس اور نیوی دونوں کے زیرِ استعمال ہے جو واشنگٹن ڈی سی کے مرکز سے لگ بھگ 14 میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ صدر براک اوباما اور نائب صدر جو بائیڈن بھی فضائی سفر کے لیے اسی ہوائی اڈے کو استعمال کرتے ہیں اور امریکی صدر کا طیارہ 'ایئر فورس ون' یہیں کھڑا ہوتا ہے۔

XS
SM
MD
LG