رسائی کے لنکس

امریکہ: ایک سینما گھر میں فائرنگ، دو ہلاک


حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی شناخت کر لی گئی ہے جس کی عمر 58 سال ہے، تاہم اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

امریکہ کی جنوبی ریاست لوزیانا میں جمعرات کی شام ایک سینما گھر میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور کم از کم آٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور نےخود کو بھی گولی مار کر ہلاک کر لیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی شناخت کر لی گئی ہے جس کی عمر 58 سال ہے لیکن اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

حملہ لافیئٹ شہر کے گرینڈ تھیٹر میں فلم ’ٹرین ریک‘ کی نمائش کے دوران کیا گیا۔

حملے کے بعد دیگر سینما گھروں میں پولیس تعینات کر دی گئی۔

لوزیانا کے گورنر بوبی جنڈل نے کہا ہے کہ تفریح کے لیے نکلے خاندانوں پر فائرنگ بظاہر تشدد کا ایک بے مقصد واقعہ ہے۔

سینما میں موجود کیٹی ڈومنگے نے روزنامہ ’ڈیلی ایڈورٹائزر‘ کو بتایا کہ ’’ہمیں ’ٹھاہ‘ کی ایک تیز آواز آئی تو ہم نے سوچا کہ شاید یہ پٹاخہ ہے۔‘‘ ڈومنگے نے کہا کہ انہوں نے ایک ’’عمر رسیدہ سفید فام شخص‘‘ کو کھٹرے ہو کر تھیٹر میں کسی اور سمت فائرنگ کرتے دیکھا۔

’’وہ کچھ نہیں کہہ رہا تھا۔ میں نے کسی اور کو بھی چیختے ہوئے نہیں سنا۔‘‘

ڈومینگے نے بتایا کہ اسے لگ بھگ چھ گولیاں چلنے کی آواز سنائی دی جس کے بعد وہ اور اس کا منگیتر اپنا پرس اور جوتے چھوڑ کر قریب ترین خارجی راستے کی طرف بھاگے۔

سینما میں موجود ایک اور شخص نے ’سی این این‘ کو بتایا کہ اسے لگا کہ گولیوں کی آواز فلم کا حصہ ہے۔

ابھی تک اس جرم کے ممکنہ محرکات کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا۔

XS
SM
MD
LG