رسائی کے لنکس

کراچی: جمعے سے شدید گرمی کی پیش گوئی، الرٹ جاری


گرمی کی شدید لہر سے بچنے کے لئے جاری کئے گئے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ تین دنوں تک کراچی کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ سمندر سے چلنے والی ہوائیں بند ہوسکتی ہیں، جس کے سبب درجہٴ حرارت کم ہونے کے باوجود زیادہ محسوس ہوگا

کراچی کے لئے اگلے تین دن یعنی 22 اپریل سے 25 اپریل تک شدید گرم ہو سکتے ہیں۔ محکمہٴ موسمیات اور ’نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی‘ کی جانب سے اسے ’ہیٹ ویو کا پہلا الرٹ‘ قرار دیا جا رہا ہے۔

گرمی کی شدید لہر سے بچنے کے لئے جاری کئے گئے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ تین دنوں تک کراچی کا درجہٴ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے اس لئے شہری پیاسے ہرگز نہ رہیں اور پانی زیادہ سے زیادہ استعمال کریں، جبکہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔

محکمے کا یہ بھی کہنا ہے کہ تین دنوں میں سمندر سے چلنے والی ہوائیں بند ہو سکتی ہیں جس کے سبب درجہٴ حرارت کم ہونے کے باوجود زیادہ محسوس ہوگا۔

ادھر ڈاکٹروں کا بھی یہی کہنا ہے کہ شہری انتہائی ضرورت کے سبب ہی گھروں سے نکلیں، جبکہ باہر جانے سے قبل اپنے سر اور چہرے کو اچھی طرح ڈھانپ لیں اور زیادہ سے زیادہ مشروبات استعمال کریں۔

الرٹ کے ساتھ ہی صوبائی اور شہری انتظامیہ کے زیر انتظام چلنے والے اسپتالوں اور کلینکس میں ہنگامی حالت کا اعلان کردیا گیا ہے، جبکہ حفاظتی مراکز کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا کہا گیا ہے۔ اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں، جبکہ ہیٹ ویو کے مریضوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لئے بنائے گئے خصوصی وارڈز کو فوری طور پر فعال بنادیا گیا ہے۔

گزشتہ سال 15جون کو بھی شہر کراچی کو ہیٹ ویو یعنی سخت گرمی کی لہر کا تین چار دنوں تک سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ پہلے سے تیاریاں نہ ہونے کے سبب اموات میں اچانک اضافہ ہوگیا تھا۔

پچھلے سال گرمی اور لو لگنے کے باعث 1200 سے زائد افراد لقمہٴ اجل بن گئے تھے۔ ان دنوں عوام رمضان کے روزے رکھ رہی تھی، جبکہ لوڈ شیڈنگ بھی عروج پر تھی۔ تاہم، اپریل کا مہینہ ہونے کے سبب کراچی کا موسم ان دنوں اچھا ہے۔ لوڈ شیڈنگ بھی قابو میں ہے، جبکہ رمضان شروع ہونے میں بھی ابھی تقریباً دو ماہ کا وقت باقی ہے۔

XS
SM
MD
LG