رسائی کے لنکس

امریکہ میں قران کی پہلی بڑی نمائش


(فائل)
(فائل)

اس نمائش میں قران پاک کے 60 سے زیادہ نسخے رکھے جائیں گے جن کا تعلق عرب دنیا، ترکی، ایران اور أفغانستان سے ہے۔

امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں واقع سیکلر گیلری نے قران کے فن تحرير پر ایک بڑی نمائش کااعلان کیا ہے جو اکتوبر کی 22 تاریخ سے شروع ہو کر اگلے سال 20 فروری تک جاری رہے گی۔

اس نمائش میں قران پاک کے 60 سے زیادہ نسخے رکھے جائیں گے جن کا تعلق عرب دنیا، ترکی، ایران اور أفغانستان سے ہے۔ ان قلمی نسخوں کا تعلق تقربیاً ایک ہزار قبل آٹھویں صدی کے دمشق سے لے کر 17 صدی کے استنبول سے ہے۔ اس نمائش کے ذریعے ماضی قدیم میں قران پاک کی خطاطی اور فن تحرير کی آرائش و زیبائش کو سامنے لایا جائے گا۔

یہ تاریخی نمائش ان قیمتی اور غیر معمولی اہمیت کے حامل قلمی نسخوں کے متعلق یہ بتائے گی کہ انہیں کس طرز تحریر میں لکھا گیا ہے، خطاط کون تھے اور وہ نسخے کس کی ملکیت میں تھے۔

’ قران کا آرٹ، ترک عجائب گھر اور اسلامک آرٹ کے خزانے‘ کے نام سے منعقد کی جانے والی اس نمائش کے لیے کئی اداروں نے معاونت فراہم کی ہے۔

واشنگٹن ڈی سی کے نیشنل مال میں واقع سمتھ سونیئن فریر گیلری اور اس سے متصل آرتھر سیکلر گیلری کا تعلق ایشیائی آرٹ سے ہے۔ ان دونوں گیلریز میں آرٹ کے چالیس ہزار سے زیادہ نمونے رکھے گئے ہیں جن کا تعلق پتھر کے آخری عہد سے لے کر موجودہ زمانے تک ہے۔

ان گیلریز میں آرٹ سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے اسلامی آرٹ، چین کی پتھر اور کانسی سے بنی ہوئی اشیاءاور مصوری کے نمونے، اور مشرق قریب کے زمانہ قبل از تاریخ کے آرٹ کو پیش کیا گیا ہے۔

یہاں آپ جاپانی آرٹ کے نادر نمونوں، قدیم مصری دور سے تعلق رکھنے والی چیزوں، جنوب اور جنوب مشرقی ایشیاء اور کوریا کے فن پاروں کو بھی دیکھ سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG