رسائی کے لنکس

ٹیسٹ کے بعد پاکستان اور جنوبی افریقہ ون ڈے سیریز میں مدِ مقابل


پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ (فائل فوٹو)
پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ (فائل فوٹو)

ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ شکست کے بعد پاکستان ٹیم اب جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ میچوں میں مدِ مقابل ہوگی. پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا میچ ہفتے کی شام پورٹ الزبتھ میں کھیلا جائے گا۔

ٹیسٹ میچوں میں بلے بازوں کی ناکامی کے بعد محدود اوورز کے فارمیٹ میں کپتان سرفراز احمد کی اُمیدیں شعیب ملک اور محمد حفیظ سے وابستہ ہیں اور انہیں امید ہے کہ پاکستان ٹیم ٹیسٹ سیریز کے برعکس ون ڈے سیریز میں اپ سیٹ کرسکتی ہے۔

جنوبی افریقہ نے فاسٹ بالر ڈیل اسٹین کو ایک روزہ بین الاقوامی سیریز کے لیے اسکواڈ میں نہیں رکھا جو محمد حفیظ کے لیے اطمینان کی بات ہے۔

سال 13-2012 میں پاکستان کے دورۂ جنوبی افریقہ کے دوران پانچ میچوں کی سیریز میں پروٹیز نے تین ۔ دو سے کامیابی حاصل کی تھی۔

اُس سے قبل کھیلی گئی سیریز 2-1 سے پاکستان کے نام رہی تھی۔

پورٹ الزبتھ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے صرف ایک رنز سے میچ جیت کر سیریز جیتی تھی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان مجموعی طور پر 73 ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں جنوبی افریقہ کا پلہ بھاری ہے۔

پاکستان نے 25 میچز جیتے اور 47 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

جنوبی افریقہ کی سرزمین پر اب تک دونوں ٹیمیں 29 مرتبہ مدِ مقابل آئیں۔ دس میچز پاکستان نے جیتے اور 18 جنوبی افریقہ کے نام رہے جب کہ ایک میچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔

XS
SM
MD
LG