رسائی کے لنکس

باجوڑ کی بادام زری پہلی قبائلی خاتون اُمیدوار


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

40 سالہ بادام زری کہتی ہیں کہ وہ دنیا کو بتانا چاہتی ہیں کہ پاکستانی معاشرے میں خواتین کو عزت اور اہم مرتبہ حاصل ہے۔

پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں گزشتہ روز مقامی خاتون بادام زری نے پہلی بار انتخابات کے لیے کاغزات نامزدگی جمع کرا کر قبائلی روایات کی تاریخ بدل دی ہے۔

پاکستان کی قبائلی تاریخ میں وہ پہلی خاتون امیدوار تھیں جنہوں نے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا۔

اتوار کو بادام زری نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 44 سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔


40 سالہ بادام زری شادی شدہ گھریلو خاتون ہیں اور اُن کا تعلق باجوڑ کی تحصیل خار سے ہے۔ انتخابات 2013 کا حصہ بننے کے لیے بادام زری کو اپنے شوہر کی مکمل معاونت حاصل ہے۔

بادام زری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ وہ الیکشن میں حصہ لےکر یہ بتانا چاہتی ہیں کہ قبائلی خواتین کن مسائل سے دو چار ہیں جبکہ ان کے یہ مسائل ہر دور میں حکومتی عدم توجہ کا شکار رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ وہ قبائلی علاقوں کی خواتین کی آواز بن کر قومی اسمبلی کا حصہ بننا چاہتی ہیں " مجھے معلوم ہے یہ اتنا سان نہیں ہے، امید ہے عوام مجھے سپورٹ کرینگے"


بادام زری کہتی ہیں کہ"وہ دنیا کو بتانا چاہتی ہیں کہ پاکستانی معاشرے میں خواتین کو عزت اور مرتبہ حاصل ہے، انتخاب میں حصہ لینے سے نا صرف خواتین کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی بلکہ دنیا میں پاکستان کے بارے میں پھیلا غلط تاثر بھی ختم ہو گا۔"

بادام زری مزید کہتی ہیں کہ" وہ قبائلی خواتین کو الیکشن کےدوران ووٹ ڈالنے پر آمادہ کریں گی"۔

قبائلی خواتین کی اکثریت خواندہ نہیں ہے،​ قبائلی روایات کے مطابق قبائلی علاقے میں خواتین پردہ کرتی ہے اور میڈیا پر نشر ہونے والی تصویر میں بھی بادام زری بھی نے چادر اوڑھ رکھی ہے۔
XS
SM
MD
LG