رسائی کے لنکس

پاکستان، ترکی ڈراموں کے بعد اب ترکی فلم کی ریلیز


پاکستانی ناظرین ٹی وی پر تو ترکی زبان کے ڈرامے اردو ڈبنگ کے ساتھ دیکھ ہی رہے ہیں، اب ملک میں پہلی ترکی فلم بھی ریلیز ہوگئی ہے۔

پاکستان میں ہالی وُوڈ فلموں کو تو کئی عشروں سے پذیرائی مل رہی ہے مگر اب ترکی کی فلموں نے بھی پاکستانی ناظرین کے دلوں میں گھرکرنے کے لئے پورے زور شور سے کام شروع کردیا ہے۔ اس حوالے سے اتوار کو پہلی ترکی فلم اردو ترجمعہ کے ساتھ ’ضرب ِمومن‘ کے نام سے کراچی کے نیوپلیکس سنیما میں ریلیز ہوگئی ہے۔

اتوار کی شام شہر کے پوش ایریا میں واقع نیو پلیکس سنیما میں فلم کا خصوصی شو ہوا جس میں میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ فیشن اور فلم انڈسٹری سے جڑے متعدد ستاروں اور دیگر لوگوں نے شرکت کی۔

فلم کی کہانی ایک فلسطینی ’پولات علیم دار‘ کے گرد گھومتی ہے جو کچھ کمانڈوز کو اپنے ساتھ ملاکر ایک ٹیم تشکیل دیتا ہے۔ اس ٹیم کا مقصد غزہ جانے والے ایک بحری جہاز ’فلوٹیلا‘ پر مارے جانے والے ورکرز کا انتقام لینا ہے۔

فلم میں ایکشن، سسپنس ، تھرل ، جنون ، محبت سبھی کچھ موجود ہے۔

پاکستان میں اس فلم کی پروموشن کا ذمہ پی آر مارکیٹنگ فرم ’کیٹالسٹ ‘ کو سونپا گیا ہے۔ وائس آف امریکہ کو فرم کی عہدیدار فریحہ الطاف نے بتایا کہ ’ضرب ِمومن‘ جلد ہی ٹی وی اسکرین پر بھی سیریز کی شکل میں پیش کی جائے گی۔
XS
SM
MD
LG