رسائی کے لنکس

امریکہ اور کیوبا کے بینکوں کے درمیان پہلا معاہدہ


صدر اوباما کے انتظامی اقدام کی وجہ سے اسٹون گیٹ جیسے امریکی مالیاتی اداروں پر کیوبا میں اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت دی گئی تھی

امریکہ اور کیوبا کے سفارتی تعلقات بحال ہونے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان پہلی بار بینکاری کے شعبے میں تعلقات قائم کیے گئے ہیں اور اس سلسلے میں جنوبی فلوریڈا کے ایک بینک اور کیوبا کے ایک بینک کے درمیان ایک معاہدہ ہوا ہے۔

امریکہ کے اسٹون گیٹ بینک اور کیوبا کے بانکو انٹرنیشنل دی کامرس ایس اے (بی آئی سی ایس اے) بینک کے درمیان یہ معاہدہ امریکہ اور کیوبا کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے ایک دن کے بعد ہوا۔ اس سے قبل کیوبا کی حکومت نے اسٹون گیٹ بینک کو امریکہ میں اپنے سفارت خانے کے لیے بینک مقرر کیا تھا۔

اسٹون گیٹ کی طرف سے بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق کیوبا کے 'بی آئی سی ایس اے' بینک کے دنیا بھر میں 600 سے زائد بینکوں سے باہمی تعلقات ہیں اور ہر سال ایرنسٹ اینڈ ینگ کی طرف سے اس کا آڈٹ کیا جاتا ہے۔

اسٹون گیٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ سیلیسکی نے ایک بیان میں کہا کہ "امریکہ اور کیوبا کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کا یہ ایک اور اقدام ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان رقم کی آسانی سے ترسیل سے تجارت میں اضافہ ہوگا اور اس سے ان امریکی کمپنیوں کو فائدہ ہو گا جو کیوبا میں کاروبارکرنا چاہتی ہیں"۔

اگرچہ امریکہ اور کیوبا کے زیادہ تر تجارتی تعلقات پر اقتصادی تعزیرات کی وجہ سے پابندی ہے تاہم خوراک اور ادویات کی فروخت اس سے مستثنیٰ ہیں۔

صدر براک اوباما نے کیوبا کی کیمونسٹ حکومت کے ساتھ تعلقات کو بڑھانے کی پالیسی کے تحت جنوری میں ان پابندیوں میں مزید نرمی کی جس کی تحت امریکہ کی مالیاتی سروسز اور مواصلات کی کمپنیوں کو کیوبا میں محدود آپریشن کی اجازت دی گئی تھی اور کیوبا کے ان برآمد کنندگان سے زیادہ خریداری کرنے کی اجازت دی تھی جو انفرادی طور پر کام کرتے ہیں۔

تاہم ابھی تک کیوبا کے حکام نے امریکی کمپنیوں کو کیوبا میں کام کرنے کی اجازت دینے کا اعلان نہیں کیا ہے اور نہ ہی ان کی طرف سے اسٹون گیٹ اور بی آئی سی ایس اے کے درمیان معاہدے پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

صدر اوباما کے انتظامی اقدام کی وجہ سے اسٹون گیٹ جیسے امریکی مالیاتی اداروں پر کیوبا میں اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت دی گئی تھی جس کے تحت امریکہ کے کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کے لین دین کی اجازت ہوگی۔ تاہم ابھی تک کیوبا کی طرف سے اس لین دین کی منظوری نہیں دی گئی ہے اور فی الحال امریکی کارڈ ہولڈرز کے لیے نقد رقم استعمال کرنے کے سوا کوئی متبادل نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG