رسائی کے لنکس

ٹرمپ اور بائیڈن کے پہلے صدارتی مباحثے کے موضوعات جاری


امریکہ میں اس سال ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل اُمیدواروں کے درمیان 29 ستمبر کو ہونے والے پہلے صدارتی مباحثے کے موضوعات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے مد مقابل جو بائیڈن ان موضوعات پر اپنے نظریات کے بارے میں ووٹرز کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔

پہلے صدارتی مباحثے کے لیے میزبان چینل نے چھ موضوعات کا انتخاب کیا ہے جن پر گرما گرم بحث متوقع ہے۔

صدر ٹرمپ اور سابق نائب صدر بائیڈن اس مباحثے میں اپنی اپنی کارکردگی پر بات کرنے کے علاوہ سپریم کورٹ کی حال ہی میں خالی ہونے والی نشست، کرونا وائرس، معیشت، نسلی مسائل اور امریکہ کے کئی شہروں میں حالیہ پرتشدد مظاہروں اور انتخابات کی شفافیت سے متعلق معاملات پر بحث کریں گے۔

ان موضوعات کا انتخاب میزبان 'فاکس نیوز' سے وابستہ مباحثے کے ماڈریٹر اور سینئر صحافی کرس والیس نے کیا ہے۔

رات نو بجے شروع ہونے والے اس مباحثے میں دونوں امیدوار ہر موضوع پر 15 منٹ تک بحث کر سکیں گے۔ ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والے اس مباحثے کے دوران کوئی بھی اشتہار نہیں دکھایا جائے گا۔

اگر سیاسی صورتِ حال میں کوئی تبدیلی آئی تو اس تناظر میں موضوعات کی فہرست میں ردو بدل کیا جا سکتا ہے۔

تین نومبر کو ہونے والے صدارتی الیکشن کا پہلا مباحثہ ریاست اوہائیو کے شہر کلیولینڈ میں واقع 'کیس ویسٹرن یونیورسٹی' میں منعقد ہو گا۔

XS
SM
MD
LG