رسائی کے لنکس

ارزولا فان ڈیئر یورپی کمیشن کی پہلی خاتون سربراہ مقرر


جرمنی سے تعلق رکھنے والی ارزولا فان ڈیئر لائن یورپی کمشن کی پہلی خاتون سربراہ بن گئی ہیں۔ انہیں پارلیمنٹ کی باقاعدہ منظوری کے بعد سربراہ بنایا گیا ہے۔

یورپی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈیوڈ ساسولی کے مطابق 733 کے ایوان میں ارزولا نے 383 ووٹ حاصل کیے جب کہ 327 ارکان نے ان کی مخالفت میں ووٹ دیے۔ اس طرح اُن کی کامیابی کا تناسب 52 فیصد رہا۔

ارزولا کا تعلق کنزرویٹو جماعت سے ہے تاہم سوشلسٹ اور لبرل ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے بھی ان کا خوش دلی سے خیر مقدم کیا گیا۔

یورپی کمشن کی سربراہ کی حیثیت سے ارزولا یورپ کے 28 ممالک کی نمائندگی کریں گی اور خاص طور پر امریکہ و دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات اور برطانیہ کے یونین سے نکلنے کے بعد پیدا ہونے والے مسائل اُن کے لیے بڑے چیلنج ہوں گے۔

اُن کی جماعت نے انہیں یورپ کو درپیش موسمیاتی تبدیلی، تجارت اور جمہوریت کو مستحکم کرنے سمیت دیگر کئی مسائل کے حل کے لیے منتخب کیا ہے۔

ارزولا یورپی ممالک کو درپیش ماحولیاتی تبدیلی اور اس سے نمٹنے کی حکمتِ عملی اور تجارتی و معاشی معاملات کی انچارج ہوں گی۔

انہوں نے اپنی تقرری کے پہلے روز سے ہی ماحولیاتی مقاصد پر کام کا آغاز کر دیا ہے اور وہ یورپ کو سن 2050 تک ماحولیاتی مسائل سے آزاد دنیا کا پہلا خطہ بنانا چاہتی ہیں۔ اس مقصد کے لیے وہ اپنے اقتدار کے پہلے 100 دنوں میں یورپ بھر کے لیے ’گرین ڈیل‘ کا اجرا کریں گی۔

ارزولا ادارے کے سربراہ کی حیثیت سے یورپین انویسمنٹ بینک کو جُزوی طور پر کلائمٹ بینک میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بھی رکھتی ہیں۔ ساتھ ہی وہ ’کاربن بارڈر ٹیکس‘ بھی شروع کرنے کی متمنی ہیں۔

XS
SM
MD
LG