رسائی کے لنکس

برطانیہ: دہشت گردی کے شبہے میں پانچ افراد گرفتار


برطانیہ کی ویسٹ مڈ لینڈ پولیس کے نائب سربراہ مارکوس بیئل نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ تمام گرفتاریاں "انٹیلی جنس کی بنیاد پر اور باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت" کی گئی ہیں۔

برطانیہ میں پولیس نے دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کے شبہے میں پانچ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

برطانوی حکام کے مطابق گرفتاریاں بیلجیئم اور فرانس میں ہونے والے حملوں کی جاری تحقیقات کے سلسلے میں کی گئی ہیں۔

برطانوی پولیس کے مطابق تین مردوں اور ایک خاتون کو جمعرات کو برمنگھم سے گرفتار کیا گیا ہے جب کہ ایک دوسرے شخص کو جمعے کو لندن کے گیٹ وِک ایئر پورٹ سے حراست میں لیا گیا۔

برطانیہ کی ویسٹ مڈ لینڈ پولیس کے نائب سربراہ مارکوس بیئل نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ تمام گرفتاریاں "انٹیلی جنس کی بنیاد پر اور باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت" کی گئی ہیں۔

مارکوس بیئل کے مطابق گرفتار شدگان برطانیہ کے شہریوں کے لیے خطرہ نہیں رہے اور نہ ہی ایسی اطلاعات ہیں کہ وہ برطانیہ میں کسی حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

جمعے کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گرفتاریاں برطانوی پولیس کے انسدادِ دہشت گردی یونٹ کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات کے نتیجے میں عمل میں آئی ہیں جن میں اسے خفیہ ایجنسی 'ایم آئی 5' اور بیلجیئم اور فرانس کے تحقیقاتی اداروں کا تعاون بھی حاصل ہے۔

برطانوی اخبار 'گارڈین' کے مطابق مشتبہ ملزمان کو ویسٹ مڈلینڈز کے پولیس مرکز میں رکھا گیا ہے جہاں ان سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ برسلز حملوں کے الزام میں گرفتار مشتبہ شدت پسند محمد عبرینی کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ اس نے گزشتہ سال برمنگھم کا دورہ کیا تھا جس کے دوران ملزم نے شہر میں واقع ایک فٹ بال اسٹیڈیم کی تصاویر کھینچی تھیں۔

XS
SM
MD
LG