رسائی کے لنکس

متنازعہ کشمیر میں جنگ بندی لائن پر دھماکہ، پانچ پاکستانی فوجی ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع بھمبر کی حد بندی لائن پر واقع علاقے برنالہ میں فوجی چوکی کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں پانچ پاکستانی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ایک زخمی ہو گیا ہے ۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یا آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے چھمب سیکٹر کے علاقے میں ایل او سی سے چند میٹر کے فاصلے پر برنالہ میں پاکستانی فوج کی ایک سرحدی چوکی کے قریب ہونے والے بارودی دھماکے میں اس کے پانچ فوجی مارے گئے اور ایک زخمی ہو گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دھماکہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا شاخسانہ ہے اور فائر بندی کے معاہدے اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں صوبیدار محمد صادق، سپاہی محمد طیب، نائک شیر زمان، سپاہی زوہیب اور سپاہی غلام قاسم شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ دھماکے کی نوعیت کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔

دھماکے میں مارے جانے والوں میں سے دو کا تعلق پاکستانی کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے نیلم ویلی اور بحیرہ سے ہے۔

ضلع بھمبر کے ایس پی پولیس سلطان اعوان نے بتایا کہ دھماکے میں کوئی سویلین نقصان نہیں ہوا ۔

انہوں نے بتایا کہ بدھ کے روز ہونے والے دھماکے کی نوعیت ایسی ہی معلوم ہوتی ہے جیسی دو برس قبل ایل او سی پر ہونے والے دھماکوں کی تھی۔

اسی بھمبر کے علاقے میں 27 فروری کو پاکستانی فضائیہ کی طرف سے بھارت کے طیاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG