رسائی کے لنکس

کوڑوں کی سزا پانے والے سعودی بلاگر کی صحت بگڑ رہی ہے: اہلیہ


رائف بداوی کی اہلیہ انصاف حیدر
رائف بداوی کی اہلیہ انصاف حیدر

انصاف حیدر نے کینیڈا کے وزیراعظم اسٹیفن ہارپر سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ نئے سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز سے ان کے شوہر کی رہائی کے لیے بات کریں۔

سعودی عرب میں قید آزاد خیال بلاگر رائف بداوی کی اہلیہ نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں دی جانے والی کوڑوں کی سزا کے بعد ان کے شوہر کی صحت بگڑ چکی ہے اور وہ مکمل سزا برداشت نہیں کر سکیں گے۔

رائف بداوی "فری سعودی لبرلز" نامی ویب سائٹ کے خالق اور ایک بلاگر ہیں جنہیں اسلام کی تضحیک کرنے کے جرم میں ایک ہزار کوڑے، دس سال قید اور دس لاکھ سعودی ریال جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔

نو جنوری کو انھیں پچاس کوڑے مارے گئے لیکن طبی بنیادوں پر سزا کے عمل کو دو بار روکنا پڑا۔

بداوی کی اہلیہ انصاف حیدر کا کہنا ہے کہ "رائف کی صحت خراب ہے اور یہ خراب تر ہوتی جا رہی ہے۔"۔

انصاف کینیڈا کی طرف سے پناہ ملنے کے بعد وہاں اپنے تین بچوں کے ساتھ مقیم ہیں۔ اوٹاوا میں ایک پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ "میں ان (رائف) کے لیے بہت فکر مند ہوں، یہ کسی انسان کے لیے نا ممکن ہے کہ وہ ہر ہفتے 50 کوڑے برداشت کر سکے۔" ان کے بقول بداوی کو بلند فشار خون (ہائی بلڈ پریشر) کا مرض لاحق ہے۔

امریکہ بھی سعودی عرب کو کوڑے کی سزا ختم کرنے کا کہہ چکا ہے۔

انصاف حیدر نے کینیڈا کے وزیراعظم اسٹیفن ہارپر سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ نئے سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز سے ان کے شوہر کی رہائی کے لیے بات کریں۔

کینیڈا کے وزیرخارجہ جان بائرڈ نے بھی 14 جنوری کو بداوی کے معاملے میں رحم کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوڑوں کی سزا " انسانی وقار اور آزادی اظہار کے منافی ہے۔"

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے کینیڈا میں سربراہ الیکس نیو کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ لوگوں نے ایک درخواست پر دستخط کیے ہیں جس میں سعودی حکومت سے بداوی کو رہا کرنے کا کہا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG