رسائی کے لنکس

صدر آصف علی زرداری کا سیلاب زدہ علاقوں کا پہلا دورہ


مسٹر زرداری جمعرات کے روز بذریعہ طیارہ صوبہ سندھ کے شہر سکھر گئے اور انہوں نے سیلاب سے متاثرہ افراد کو یقین دلایا کہ حکومت ان کی مدد کے لیے سخت کوششیں کررہی ہے۔

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے ملک میں تاریخ کے بدترین سیلابوں سے متاثرہ علاقوں کا پہلا دورہ کیا ہے۔ ان کا یہ دورہ بڑے پیمانے پر اس تنقید کے بعد ہوا ہے جس کا سامنا انہیں اپنے بیرونی دورے کے باعث کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے اپنے غیر ملکی دورے پر ایک ایسے وقت میں کیے تھے جب ملک کے اکثر حصے ایک بڑے قدرتی سانحے کی زد میں تھے۔

مون سون کی شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلابوں سے پاکستان میں کم ازکم 1600 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور گذشتہ دوہفتوں کے دوران خیبر پختون خواہ، پنجاب اور سندھ صوبوں میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 40 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔ اقوام متحدہ نے متاثرین کی فوری مدد، خوراک ، پینے کے صاف پانی اور پناہ گاہوں کی فراہمی کے لیے لیے 46 کروڑ ڈالر کی اپیل کی ہے۔

مسٹر زرداری جمعرات کے روز بذریعہ طیارہ صوبہ سندھ کے شہر سکھر گئے اور انہوں نے سیلاب سے متاثرہ افراد کو یقین دلایا کہ حکومت ان کی مدد کے لیے سخت کوششیں کررہی ہے۔

انہوں نے یہ دورہ یورپ کے اپنے متنازع دورے سے واپسی کے کئی روز بعد کیاہے۔

ایسے میں جب کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، پاکستانی حکام نے صوبہ پنجاب اور سندھ کے لیے سیلاب کی ایک نئی وارننگ جاری کی ہے۔ عہدے داروں نے جمعرات کے روز بتایا کہ پانی کی سطح میں اضافے کے باعث پنجاب کے شہر مظفر گڑھ سے کم ازکم چارلاکھ افراد کو نکال لیا گیا ہے۔

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے جمعرات کو جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور مزید بین الاقوامی مدد کی اپیل کی۔

XS
SM
MD
LG