رسائی کے لنکس

سعودی عرب میں صرف خواتین عملے پر مشتمل پرواز


حکام کا کہنا ہے کہ یہ مملکت میں خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے ایک سنگ میل ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ مملکت میں خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے ایک سنگ میل ہے۔

سعودی عرب کی ایک ایئر لائن نے صرف خواتین پر مشتمل عملے کے ساتھ پہلی پرواز کی ہے۔

حکام کا ہفتے کو کہنا تھا کہ یہ سعودی عرب میں خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے ایک سنگ میل ہے۔

عرب نشریاتی ادارے ‘العربیہ’ کے مطابق ’فلائی اے ڈیل‘ کے ترجمان عماد اسکندرانی نے بتایا کہ جس پرواز میں تمام عملہ خواتین پر مشتمل تھا یہ پرواز جمعرات کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے ساحلی شہر جدہ کے لیے تھی۔

فلائی اے ڈیل سعودی عرب کی ایک کم بجٹ کی ایئر لائن ہے جو کہ حج یا عمرے کے ساتھ ساتھ سیاحت کے لیے آنے والے افراد کے لیے کم خرچ میں سروس فراہم کر رہی ہے۔

عماد اسکندرانی کا کہنا تھا کہ عملے میں شامل خواتین کی اکثریت کا تعلق سعودی عرب سے ہی تھا جس میں فرسٹ آفیسر بھی شامل تھیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس پرواز کی پائلٹ ایک غیر ملکی خاتون تھیں۔

سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی فلائی اے ڈیل کے اعلان کی ہفتے کو تصدیق کی۔

حالیہ برسوں میں سعودی عرب میں دیگر شعبوں کی طرح ہوا بازی کے شعبے میں بھی خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار پر زور دیا جا رہا ہے۔

سال 2019 میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے خاتون شریک پائلٹ کے ساتھ پرواز کا اعلان کیا تھا۔

سعودی حکام ایوی ایشن سیکٹر کو ترقی دینے کی کوششوں میں ہیں تا کہ مملکت کو عالمی سیاحت کا مرکز بنایا جا سکے۔

ملک کو سیاحت کا مرکز بنانے کےلیے 2030 تک 33 کروڑ مسافروں کی سالانہ آمدورفت کا ہدف رکھا گیا ہے۔

سال 2030 تک اس شعبے میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری، ایک نئی قومی ایئر لائنز کا قیام، ریاض میں نئے میگا ایئر پورٹ کی تعمیر اور سالانہ 50 لاکھ ٹن تک کارگو کی نقل و حمل کا ہدف رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کچھ برسوں میں خواتین کے حقوق کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن میں انہیں گاڑی چلانے، کھیلوں کی تقاریب اور کانسرٹس میں مردوں کے ساتھ شرکت کرنے اور مرد سرپرست کی منظوری کے بغیر بھی پاسپورٹ حاصل کرنے کی اجازت سمیت دیگر کئی آزادیاں شامل ہیں۔

بعض مبصرین کے مطابق ان سب آزادیوں کا مقصد سعودی عرب میں 2017 سے ملک کے معاملات کو دیکھنے والے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خود کو معتدل رہنما کے طور پر نمایاں کرنے کی کوشش ہے۔

XS
SM
MD
LG