رسائی کے لنکس

چار پاکستانی نژاد امریکی فوربز میگزین کے کامیاب ترین افراد کی فہرست میں شامل


سارا احمد
سارا احمد

یہ معروف رسالہ ہر سال دنیا بھر سے 600 افراد کا انتخاب کرتا ہے جنہوں نے 20 منتخب صنعتی شعبوں میں حیرت انگیز کامیابیاں حاصل کی ہوں۔

امریکہ کے معروف رسالے فوربز میگزین نے 2018 کیلئے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں دنیا کے تیس برس سے کم عمر کے کامیاب ترین افراد کی فہرست شائع کی ہے جس میں چار پاکستانی نژاد امریکی بھی نمایاں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

یہ معروف رسالہ ہر سال دنیا بھر سے 600 افراد کا انتخاب کرتا ہے جنہوں نے 20 منتخب صنعتی شعبوں میں حیرت انگیز کامیابیاں حاصل کی ہوں۔ ان شعبوں میں آرٹ اور اسٹائل، تعلیم، گیمز، فوڈ، انٹرپرائز ٹکنالوجی اور میڈیا شامل ہیں۔ ان میں چار پاکستانی نژاد امریکیوں سارا احمد، زید انعام، خضر حیات اور رضا منیر نے بھی اپنی جگہ بنائی ہے۔

29 سالہ سارا احمد کو ری ٹیل اور ای۔ کامرس کی صنعتوں میں اُن کی نمایاں کامیابیوں کے حوالے سے منتخب کیا گیا ہے۔ وہ Warp + Weft نامی کمپنی کی بانی ہیں، اُن کی کمپنی نے ڈینم کے ملبوسات بنانے کی صنعت میں ایسی چیزیں متعارف کرائی ہیں جن پر اس سے پہلے توجہ نہیں دی گئی تھی۔ اُن کا ڈینم برانڈ Warp + Weft خود اپنے تیار کئے گئے مواد سے بنتا ہے جس میں اس کے اعلیٰ معیار اور مکمل طور پر فٹ ہونے والے سائز کی ضمانت دی جاتی ہے۔ اپنا برانڈ متعارف کرانے کے بعد ایک سال سے بھی کم عرصے میں وہ 25 لاکھ ڈالر کما چکی ہیں۔

زید انعام
زید انعام

زید انعام Cresta نامی کمپنی کے چیف آپریٹنگ افسر ہیں۔ اُنہوں نے اسٹین فورڈ یونیورسٹی میں Ph.D. کی پڑھائی کو خیر باد کہتے ہوئے Cresta.ai کمپنی کی بنیاد رکھی جو کسٹمر سروس کا معیار بہتر بنانے میں خدمات فراہم کرتی ہے۔ اُنہوں نے اس سے قبل پاکستان میں MediConnect کمپنی بنائی تھی جس نے صحت عامہ کی دیکھ بھال کیلئے ایک پلیٹ فارم تیار کیا تھا۔

خضر حیات
خضر حیات

خضر حیات ایک ڈیٹا آٹومیشن کمپنی ThoroughPut. Inc. کے شریک بانی ہیں جو سپلائی چین میں ہونے والے نقصان کا اندازہ لگاتی ہے اور اس سلسلے میں درپیش مشکلات کو دور کرنے کیلئے تجاویز فراہم کرتی ہے۔ خضر حیات Teach Pakistan کے نام سے ایک غیر سرکاری تنظیم یعنی این جی او بھی چلاتے ہیں جو پاکستان کے دیہی علاقوں میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے۔

رضا منیر
رضا منیر

رضا منیر کو تعلیم کے شعبے میں منتخب کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے زینڈر رفائیل، امیت سنہا اور وشال گارگ کے ساتھ ملکر کریڈٹ کلائمب کے نام سے ایک کمنی بنائی ہے جس نے 5,000 پاکستانی طلبا کو 60 مختلف اسکولوں میں داخلے کیلئے نہایت آسان شرائط پر قرضے جاری کئے ہیں۔ اس کمپنی نے تعلیمی قرضوں سے نمٹنے کیلئے ROI Lending کے نام سے ایک قابل عمل طریقہ کار وضع کیا ہے۔ یہ طلبا کیلئے روباٹکس اور نرسنگ جیسے ہنر پر مبنی تعلیم کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔

XS
SM
MD
LG