رسائی کے لنکس

جمی کارٹر کی 97 ویں سالگرہ، لوگوں نے برتھ ڈے کارڈ بھیجے اور مبارک باد دی


سابق صدر جارجیا کے قصبے پلینز کی ایک بیپٹسٹ چرچ میں سنڈے اسکول میں تعلیم دیتے ہوئے۔ 3 نومبر 2019ء کی تصویر۔
سابق صدر جارجیا کے قصبے پلینز کی ایک بیپٹسٹ چرچ میں سنڈے اسکول میں تعلیم دیتے ہوئے۔ 3 نومبر 2019ء کی تصویر۔

سابق صدر جمی کارٹر، جو سب سے طویل عمر پانے والے سابق امریکی چیف اگزیکٹو ہیں، جمعے کے روز خاموشی کے ساتھ اپنی 97 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ ان کے ایک مشیر نے بتایا کہ سابق صدر امریکی ریاست جارجیا کے جنوب مغرب میں واقع اپنی رہائش گاہ پر ایک سادہ تقریب میں شرکت کریں گے۔

حالیہ برسوں میں، خاص طور پر کرونا وائرس کی وبا کے دوران، وہ عام زندگی میں زیادہ سرگرم نظر نہیں آئے اور پبلک کی نگاہوں سے دور رہے۔

سابق صدر کی پریس سیکرٹری، ڈینا کانگیلیو نے اٹلانٹا کے کارٹر سینٹر میں بتایا کہ جمی کارٹر کسی عام تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔

اس موقع پر پلینز کے ایک چھوٹے سے قصبے میں قائم 'جمی کارٹر نیشنل ہسٹورک سائٹ' کے کارکنان نے سابق صدر کے لیے اپنے تہینتی پیغام درج کرائے، جب کہ عام افراد 'ڈبلیو ڈبلیوڈبلیو ڈاٹ کارٹر سینٹر ڈاٹ آرگ 'پر آئن لائن برتھ ڈے کارڈ پر دستخط کرتے رہے۔

سابق خاتون اول روزلین اور جمی کارٹر کی برتھ ڈے کیک کے سامنے ایک تصویر (فائل فوٹو)
سابق خاتون اول روزلین اور جمی کارٹر کی برتھ ڈے کیک کے سامنے ایک تصویر (فائل فوٹو)

درجنوں افراد نے پیشگی برتھ ڈے مبارک باد کے کارڈ روانہ کیے، جب کہ متعدد نے سال 1977 سے 81 تک کے کارٹر کے ڈیموکریٹ عہدہ صدارت کا ذکر تک نہیں کیا۔ اس کے برعکس، انھوں نے کہا کہ انھیں عہدہ صدارت کے بعد کے دور میں کارٹر کی خدمات کا اعتراف ہے، جس دوران سابق صدر نے رضاکارانہ نوعیت کے کام کیے، کئی کتابیں تحریر کیں، انصاف کے حصول کی جدوجہد کی اور برسہا برس تک سنڈے اسکول میں تعلیم دیتے رہے۔

ایک پیغام کے الفاظ یہ ہیں، ''ہم آپ کی ایمانداری، مستقل مزاجی کو پیار کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اور آپ کا صاف گو ہونا ہمارے لیے خاص کشش کا باعث رہا ہے''۔

صدر جوبائیڈن اور خاتون اول جل بائیڈن کی اس سال کے اوائل میں سابق صدر کارٹر اور سابق خاتون اول روزلین کے ساتھ تصویر
صدر جوبائیڈن اور خاتون اول جل بائیڈن کی اس سال کے اوائل میں سابق صدر کارٹر اور سابق خاتون اول روزلین کے ساتھ تصویر

کئی ایک نے کارٹر کی ان کی بیگم، روزلین کے ہمراہ تصاویر شیئر کی ہیں، جنھوں نے جولائی میں شادی کی 75 ویں سالگرہ منائی تھی۔

سابق صدر کو میلانوما (سیاہ رسولی) کی علامات کی تشخیص ہوئی تھی، جو 2015ء کے دوران جگر سے ہوتے دماغ تک جا پہنچی۔ ان کا علاج ہوا اور چار ماہ بعد اعلان کیا گیا کہ ان کے کینسر کا علاج کامیاب رہا۔ وہ کئی بار گر گئے تھے۔ سال 2019ء کے اکتوبر میں ان کی کمر کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی؛ اور گزشتہ دنوں جب کبھی کسی عام تقریب میں شریک ہوئے، وہ واکر کا استعمال کرتے نظر آئے۔

گزشتہ اپریل میں صدر جو بائیڈن اور خاتون اول جِل بائیڈن نے کارٹر کے گھر جا کر ان سے ملاقات کی۔ اپنے پیش رو کے بارے میں بائیڈن نے کہا کہ ''ہم مل بیٹھے اور ماضی کے دنوں کی باتیں کیں''۔

XS
SM
MD
LG