رسائی کے لنکس

سانحہ صفورہ کے 4 منصوبہ ساز گرفتار: قائم علی شاہ


وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے چاروں ملزمان کو کراچی سے حراست میں لیا۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق ان افراد نے اپنے ساتھیوں کے نام اور دیگر تفصیلات سے بھی سیکورٹی فورسز کو آگاہ کردیا ہے

کراچی ... سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ صفورہ گوٹھ کے سانحے میں ملوث 4 منصوبہ سازوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ ان افراد نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔

چودہ مئی کو پیش آنے والے سانحہ صفورا میں اسماعیلی برادری سے تعلق رکھنے والے 46افراد کو دہشت گردوں نے اس وقت گولیوں کا نشانہ بنایا تھا، جبکہ یہ افراد ایک بس میں سوار ہوکر عائشہ منزل جارہے تھے۔

منگل کو سندھ کے شہر نوابشاہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں وزیراعلیٰ کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے چاروں ملزمان کو کراچی سے حراست میں لیا۔

وزیراعلیٰ کے مطابق ان افراد نے اپنے ساتھیوں کے نام اور دیگر تفصیلات سے بھی سیکورٹی فورسز کو آگاہ کردیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گواہوں کے بیانات کی روشنی میں تحقیقات جاری ہیں، جلد اصل ملزمان کو بے نقاب کیا جاسکے گا۔

ادھر پاکستان کے مؤقر انگریزی روزنامے ’ڈان‘ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اس پیش رفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کی کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے فون پرسید قائم علی شاہ سے رابطہ کیا اور اہم پیش رفت پر سیکورٹی اداروں خاص کر پولیس کی بھی تعریف کی۔

اس سے قبل منگل کو ہی وزیر اعلیٰ نے صوبائی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بیان دیا تھا کہ سندھ مکمل طور پر،پر امن ہے اور کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہورہی ہے۔

XS
SM
MD
LG