رسائی کے لنکس

کراچی سے تحریک طالبان کے 4 دہشت گرد گرفتار


ڈی آئی جی جمیل احمد نے مبینہ ملزمان کے قبضے سے بال بیئرنگ، خود کش جیکٹس، 4 کلوگرام دھماکا خیز مواد، بم بنانے کا سامان اور 4 پستول برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا

کراچی پولیس نے شہر کے متمول علاقے، ڈیفنس کے فیز ایک سے چار مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جو پولیس کے مطابق، خودکش حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ گرفتاریاں بدھ کو عمل میں آئیں۔

ڈی آئی جی کراچی ساوٴتھ جمیل احمد نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ ملزمان فیز ون کے ایک گھر میں مقیم ہیں اور ان کے پاس بھاری تعداد میں ہتھیار اور گولا بارود موجود ہے۔

جمیل احمد نے مزید بتایا کہ چار مبینہ ملزمان جن کے نام حنیف عرف ندیم کالا، اشرف علی عرف بھالو، رحمت شاہ اور زاہد حسین ہیں، وہ خودکش حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ تاہم، بقول اُن کے، ’پولیس نے عین وقت پر انہیں گرفتار کرکے یہ کوشش ناکام بنا دی‘۔

ڈی آئی جی جمیل احمد نے مبینہ ملزمان کے قبضے سے بال بیئرنگ، خود کش جیکٹس، 4 کلوگرام دھماکا خیز مواد، بم بنانے کا سامان اور 4 پستول برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا۔

اسلحہ اور بارودی مواد رکھنے کے الزام میں چاروں دہشت گردوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے، جبکہ مقامی میڈیا رپورٹس، خاص طور پر ’ڈان‘ نے، پولیس ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ مذکورہ ملزمان پر فرقہ وارانہ اور ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ ساتھ 2011 میں گھاس منڈی میں ہونے والے دھماکے میں بھی ملوث ہونے کا شبہ ہے جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG