رسائی کے لنکس

logo-print

جنوبی افریقہ میں پارک سے 14 شیر فرار


فائل فوٹو

جنوبی افریقہ کے معروف 'کروگر نیشنل پارک' سے مبینہ طور پر 14 شیروں کے فرار کے بعد حکام نے نزدیکی آبادیوں کے رہائشیوں کو انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق شیروں کے جھنڈ کو پارک کے مغربی کنارے پر واقع پھالا بوروا نامی قصبے کے نزدیک واقع فاسفیٹ کی ایک کان کے نزدیک مٹر گشت کرتے دیکھا گیا ہے۔

یہ علاقہ جنوبی افریقہ کے صوبے لمپوپو کی حدود میں آتا ہے جہاں کی حکومت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شیروں کا یہ جھنڈ 'کروگر نیشنل پارک' سے فرار ہوا ہے۔ لیکن پارک انتظامیہ نے اس کی تردید کی ہے۔

جنوبی افریقہ کے شمال مشرقی حصے میں واقع 'کروگر نیشنل پارک' کا شمار جنگلی حیات کے لیے مخصوص افریقہ کے چند بڑے پارکس میں ہوتا ہے جہاں ہر سال لاکھوں سیاح آتے ہیں۔

پارک میں پرندوں کی 500 اور ممالیہ جانوروں کی 147 سے زائد اقسام پائی جاتی ہیں جن میں شیروں کے علاوہ چیتے، ہاتھی، گینڈے اور بھینسوں کی بھی بڑی تعداد ہے۔

لگ بھگ 49 لاکھ ایکٹر رقبے پر مشتمل اس پورے پارک کے گرد باڑ لگائی گئی ہے تاکہ یہاں موجود جانور اس علاقے سے باہر نہ جاسکیں۔

لیکن پارک سے متصل قصبے کے نزدیک شیروں کے گشت نے حکام کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کی نیندیں بھی اڑا دی ہیں اور صوبائی حکومت نے درجنوں رینجرز کو شیروں کو پکڑنے کے لیے علاقے میں تعینات کر دیا ہے۔

صوبائی محکمۂ سیاحت نے کہا ہے کہ حکام اور پارک انتظامیہ نے اتفاق کیا ہے کہ ان شیروں کو پکڑ کر 'کروگر نیشنل پارک' میں ہی چھوڑا جائے گا۔

لیکن پارک انتظامیہ کے ایک ترجمان نے اس تاثر کی نفی کی ہے کہ شیر پارک سے فرار ہوئے ہیں اور کہا ہے کہ پارک کے باہر موجود تمام جانور صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہیں اور اسے خود ہی ان سے نبٹنا چاہیے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ اگر ان شیروں کو پارک میں چھوڑا بھی گیا تو قوی امکان ہے کہ یہ وہاں سے فرار ہوجائیں گے کیوں کہ پارک میں پہلے سے موجود شیر ان کی موجودگی برداشت نہیں کریں گے اور انہیں ڈرا دھمکا کر وہاں سے بھاگنے پر مجبور کرتے رہیں گے۔

تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ شیر کب اور کہاں سے فرار ہوئے اور کتنے عرصے سے اسی طرح آزادانہ گھوم رہے ہیں۔

رواں ہفتے ہی کروگر نیشنل پارک کے عملے کی پارک سے متصل ایک بستی میں ایک چیتے کے حملے کی وجہ سے دو سالہ بچہ ہلاک ہوگیا تھا۔

بعد ازاں، پارک رینجرز نے مزید حملوں سے بچنے کے لیے دو مشتبہ چیتوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG