رسائی کے لنکس

فرانس: بار میں آتشزدگی سے کم ازکم 13 ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

واقعے کے فوراً بعد سکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے جب کہ اس طرف جانے والی ایک سڑک اور گرد و نواح کو آمدو رفت کے لیے بند کر دیا گیا۔

فرانس کے شمالی علاقے میں ایک بار میں آتشزدگی سے کم ازکم 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق نورمینڈی کے علاقے روئین میں جمعہ کو دیر گئے ایک بار میں سالگرہ کی تقریب ہو رہی تھی کہ اچانک یہاں آگ بھڑک اٹھی۔

ذرائع ابلاغ میں ایسی خبریں بھی سامنے آئی ہیں کہ آتشزدگی سے قبل دھماکا بھی سنا گیا لیکن اس بارے میں سرکاری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

مرنے والوں میں 18 سے 25 سال تک کی عمر کے نوجوان بتائے جاتے ہیں جو سالگرہ کی تقریب میں شریک تھے۔

واقعے کے فوراً بعد سکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے جب کہ اس طرف جانے والی ایک سڑک اور گرد و نواح کو آمدو رفت کے لیے بند کر دیا گیا۔

تاحال آتشزدگی کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔

گزشتہ سال سے فرانس کو دہشت گردی کے واقعات کا سامنا رہا ہے جس میں پیرس میں ایک جریدے پر مہلک حملے کے علاوہ نومبر میں پیرس میں بم دھماکے اور فائرنگ کے واقعات بھی شامل ہیں۔

گزشتہ ماہ روئین کے علاقے میں ہی دو انتہا پسندوں نے ایک مسیحی مبلغ کو بھی قتل کر دیا تھا جب کہ 14 جولائی کو قومی دن کے موقع پر نیس شہر میں ایک لوگوں پر ٹرک سے حملہ کر کے 80 سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتارا جا چکا ہے۔

ان حملوں کی ذمہ داری شدت پسند گروپ داعش نے قبول کی تھی اور پورے ملک میں ہنگامی حالت نافذ رکھنے کے علاوہ سکیورٹی انتہائی چوکس کی جا چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG