رسائی کے لنکس

امریکہ کیوبا پر سے پابندیاں اٹھائے، فرانس کا مطالبہ


فرانسیسی صدر نے کیوبا کے کمیونسٹ انقلاب کے بانی اور سابق صدر فیڈل کاسترو سے بھی ملاقات کی جنہیں اولاں نے "ایک تاریخ ساز شخصیت" قرار دیا۔

فرانس کے صدر فرانسس اولاں نے امریکہ سے کیوبا پر گزشتہ پانچ دہائیوں سے عائد اقتصادی پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

فرانسیسی صدر نے یہ مطالبہ پیر کو کیوبا کے دارالحکومت ہوانا میں مقامی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد کیا۔

کیوبا کے صدر راؤل کاسترو اور امریکی صدر براک اوباما کی جانب سے گزشتہ سال دسمبر میں کیوبا اور امریکہ کے درمیان گزشتہ پانچ دہائیوں سے جاری مخاصمت ختم کرنے کے اعلان کے بعد اولاں ہوانا کا دورہ کرنے والے کسی مغربی ملک کے پہلے سربراہ ہیں۔

اپنے دورے کے دوران صدر اولاں نے اعلان کیا کہ فرانس کیوبا کے ساتھ تجارتی اور معاشی تعاون جاری رکھے گا تاکہ پابندیوں کا شکار اس کی معیشت کو سہارا فراہم کیا جاسکے۔

دورے کے دوران 'یونیورسٹی آف ہوانا' میں طلبہ اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی صدر نے کہا کہ ان کا ملک "کیوبا کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والے اقدامات کو غیر موثر کرنے کے لیے" ہر ممکن کوشش کرے گا۔

صدر اولاں کیوبا کا دورہ کرنے والے فرانس کے پہلے سربراہِ مملکت ہیں جن کے ہمراہ فرانسیسی تاجروں اور اہم کاروباری شخصیات پر مشتمل ایک بڑا وفد بھی ہوانا پہنچا ہے۔

کیوبا اور فرانس کے درمیان اس وقت دو طرفہ تجارت کا حجم 40 کروڑ ڈالر ہے جس میں دونوں ملک اضافے کے خواہش مند ہیں۔

ہوانا میں اپنے قیام کے دوران صدر اولاں اور ان کے وفد کے ارکان نے کیوبا کی حکومت کے ساتھ دو طرفہ تجارت اور تعلیم سے متعلق کئی معاہدوں پر بھی دستخط کیے۔

دورے کے دوران اپنے کیوبن ہم منصب راؤل کاسترو کے ساتھ ملاقات اور دو طرفہ امور پر مذاکرات کے علاوہ فرانسیسی صدر نے کیوبا کے کمیونسٹ انقلاب کے بانی اور سابق صدر فیڈل کاسترو سے بھی ملاقات کی جنہیں اولاں نے "ایک تاریخ ساز شخصیت" قرار دیا۔

فرانس کے صدر کیریبئن ممالک کے دورے پر ہیں جس کے اگلے مرحلے میں وہ منگل کی صبح فرانس کی سابق نو آبادی ہیٹی روانہ ہوگئے۔

XS
SM
MD
LG