رسائی کے لنکس

ریل گاڑی میں حملہ روکنے والا امریکی نجی لڑائی میں شدید زخمی


سپینسر سٹون (فائل فوٹو)
سپینسر سٹون (فائل فوٹو)

سیکرومینٹو کے ڈپٹی پولیس چیف کین برنارڈ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس لڑائی کا تعلق سٹون کے پیرس میں کردار یا دہشت گردی سے نہیں تھا۔

پولیس کے مطابق امریکی فضائیہ کے اہلکار سپینسر سٹون کو جمعرات کو ریاست کیلیفورنیا میں سیکرومینٹو کے قریب شراب خانے میں ایک چھڑپ کے دوران کئی مرتبہ چاقو کے وار سے نشانہ بنایا گیا اور اسے تشویشناک حالت میں اسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔

سپینسر ان تین امریکیوں میں شامل تھا جنہوں نے اگست میں فرانس میں ایک ریل گاڑی میں حملے کی ایک کوشش کو ناکام بنایا تھا۔

سیکرومینٹو کے ڈپٹی پولیس چیف کین برنارڈ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس لڑائی کا تعلق سٹون کے پیرس میں کردار یا دہشت گردی سے نہیں تھا۔ خیال ہے کہ سٹون کے حملہ آور کو اس کی شناخت کے بارے میں معلوم تھا مگر اسے ابھی تک پکڑا نہیں جا سکا۔

برنارڈ نے یہ نہیں بتایا کہ لڑائی کی وجہ کیا تھی جس کے نتیجے میں سٹون ’’غیر معمولی طور پر زخمی‘‘ ہوا۔

ایئر فورس کی ترجمان روز رچیسن نے ایک بیان میں کہا کہ ’’رات ایک بجے ایئر مین فرسٹ کلاس سٹون سیکرومینٹو میں چاقو سے حملے کا نشانہ بنا۔‘‘

سٹون نے اپنے دو دوستوں کے ساتھ مل کر اگست میں پیرس جانے والی ایک تیز رفتار ریل گاڑی میں ایک مسلح شخص کو قابو کیا تھا جس کے پاس سے ڈبے کاٹنے والا چاقو، ایک پستول اور ایک کلاشنکوف برآمد ہوئی تھی۔ ان تینوں کو اپنے اس بہادرانہ اقدام پر بہت پذیرائی ملی تھی۔

ایک مقامی اخبار کے مطابق جمعرات کو ہونے والے واقعے کے بعد پولیس کا خیال تھا کہ سٹون نہیں بچ پائے گا مگر ڈاکٹر اس کے زخموں سے بہنے والے خون کو روکنے میں کامیاب ہو گئے۔ اسپتال نے کہا کہ سٹون کی حالت تشویشناک مگر مستحکم ہے۔

اسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ڈگلس کرک نے کہا کہ اسے ’’گہرے زخم آئے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ اس کے جسم پر زخموں کی مرہم پٹی کے لیے دوگھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن کے بعد اسے گہری بیہوشی میں رکھا گیا۔

برنارڈ نے کہا سٹوں اپنے چار دوستوں کے ساتھ شراب خانے میں موجود تھا مگر ابھی پولیس کو یہ نہیں معلوم کہ اس نے شراب پی تھی یا نہیں۔

XS
SM
MD
LG