رسائی کے لنکس

سرد موسم اور محدود تماشائیوں کی موجودگی میں فرینچ اوپن کا آغاز


ٹینس کی دنیا میں صف اول کے ٹورنامنٹ میں شمار کیا جانے والا فرینچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ چند تماشائیوں کی موجودگی میں شروع ہو گیا۔

اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں الیون سیڈ ڈیوڈ گوفن کا مقابلہ اٹلی کے جینک سائنر کے ساتھ ہوا، اس دوران چند تماشائی ہی اسٹینڈز میں موجود تھے۔

فرینچ اوپن ٹورنامنٹ کے دوران ٹکٹ کے خواہش مندوں کی لمبی قطاریں اور ہلہ گلہ اس میگا ایونٹ کی رونقیں دوبالا کر دیتا تھا، لیکن رواں سال کرونا وبا کی وجہ سے یہ تمام رونقیں ماند پڑ گئیں۔

فرینچ اوپن کا انعقاد رواں سال مئی جون میں ہونا تھا، لیکن کرونا وبا کی وجہ سے اسے ملتوی کر کے 27 ستمبر سے 11 اکتوبر کے درمیان شیڈول کیا گیا۔ تاہم موسم خزاں کی آمد کے ساتھ ہی فرانس سمیت یورپ کے کئی ملکوں میں موسم سرد ہو رہا ہے۔

اس سے قبل 20 ہزار شائقین کی گنجائش والے اسٹیڈیم میں ساڑھے 11 ہزار شائقین کے داخلے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اب حکومت کے اصرار پر یہ تعداد کم کر کے صرف ایک ہزار تک محدود کر دی گئی ہے۔

اتوار کو کھیلے گئے دیگر دو میچز شدید سردی اور یخ بستہ ہواؤں کے باعث بار بار تعطل کا شکار ہوتے رہے۔

ٹورنامنٹ کے دوران ایک ہزار تماشائیوں کو گراؤنڈ میں آنے کی اجازت دی گئی، لیکن چھٹی کا دن ہونے کے باوجود محض چند تماشائی ہی گراؤنڈ میں آئے۔

فرانس میں اس ٹورنامنٹ کا انعقاد ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایک مرتبہ پھر کرونا کیسز بڑھ رہے ہیں۔

دنیا بھر سے آئے کھلاڑیوں اور دیگر عملے کو کرونا ٹیسٹس کے بعد دو ہوٹلز تک محدود کیا گیا ہے۔ کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور دیگر عملے کو صرف میچز یا پریکٹس کے دوران ہی ہوٹلز سے باہر نکلنے کی اجازت ہے۔

XS
SM
MD
LG