رسائی کے لنکس

روس کا یوکرین کی رہائشی عمارت پر میزائل حملہ، تین افراد ہلاک


روس نے دو روز قبل کریمن چک شہر کے ایک شاپنگ مال پر میزائل داغا تھے جہاں حکام نے ایک ہزار سے زائد افراد کی موجودگی کا دعویٰ کیا تھا۔
روس نے دو روز قبل کریمن چک شہر کے ایک شاپنگ مال پر میزائل داغا تھے جہاں حکام نے ایک ہزار سے زائد افراد کی موجودگی کا دعویٰ کیا تھا۔

روس نے یوکرین کے جنوبی شہر میکولیو میں بدھ کو کارروائی کرتے ہوئے کئی میزائل داغے، جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوئے جب کہ کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق میکولیو شہر کے میئر اولیکسندر سینکویچ کا کہنا ہے کہ روس نے بدھ کو مجموعی طور پر آٹھ میزائل داغے جس سے کئی رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔

روس کی اس کارروائی کی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک چار منزلہ رہائشی عمارت کی بالائی منزل کو جزوی نقصان پہنچا ہے جہاں سے سیاہ دھواں بلند ہو رہا ہے۔

روس نے دو روز قبل کریمن چک شہر کے ایک شاپنگ مال پر میزائل داغا تھا جہاں حکام نے ایک ہزار سے زائد افراد کی موجودگی کا دعویٰ کیا تھا۔ تاہم روسی میزائل حملے میں 18 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی تھی جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 36 افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔

اقوامِ متحدہ کے مطابق یوکرین جنگ میں اب تک 4700 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق یوکرین جنگ میں اب تک 4700 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

یوکرین کی مسلح افواج کے چیف کمانڈر والری زالزنی نے منگل کو ٹیلی گرام ایپ پر اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ چار روز کے دوران روس یوکرین پر لگ بھگ 130 میزائل داغ چکا ہے۔

یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ روسی افواج لیزچنسک شہر کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

یوکرین نے الزام عائد کیا ہے کہ روس جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے تاہم ماسکو نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور شاپنگ مال پر حملے سے متعلق کہا ہے کہ شاپنگ پلازہ اسلحہ ذخیرہ کرنے کے گودام کے قریب تھا۔

یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے منگل کی شام اپنے ٹی وی خطاب میں کہا کہ "روس چاہتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو قتل کیا جائے۔"

اقوامِ متحدہ کے مطابق روس کی جانب سے 24 فروری کو یوکرین پر حملے کے بعد سے اب تک 4700 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

روس مسلسل ان الزامات کی تردید کر رہا ہے کہ یوکرین کے خلاف چار ماہ سے جاری جنگ کے دوران اس نے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔

واضح رہے کہ یوکرین پر روسی حملے کو دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ پر ہونے والا سب سے بڑا حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اس جنگ کے اثرات دنیا کے دیگر ملکوں میں خوراک اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی شکل میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG