رسائی کے لنکس

جنازہ از خود نوٹس: حجرہ شاہ مقیم کے ایم پی اے اور ایم این اے طلب


سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وہ تصویر جس پر چیف جسٹس نے از خود نوٹس لیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وہ تصویر جس پر چیف جسٹس نے از خود نوٹس لیا ہے۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی غلاظت سے لتھڑی ہوئی گلی سے میت لے جانے کی تصویر پر 21 مارچ کو نوٹس لیا تھا۔

پاکستان کی عدالتِ عظمیٰ نے گندگی سے جنازہ لے جانے والی ایک تصویر پر لیے جانے والے از خود نوٹس میں علاقے سے صوبائی اور قومی اسمبلی کے منتخب ارکان اور بلدیہ کے چیئرمین کو طلب کرلیا ہے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں عدالتی عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی گندگی سے جنازہ لے جانے کی تصویر سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران حجرہ شاہ مقیم تحصیل اوکاڑہ کے مقامی کونسلر عدالت میں پیش ہوئے اور الزام لگایا کہ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین نے لینڈ مافیا سے مل کر جنازہ گاہ اور قبرستان پر قبضہ کر رکھا ہے۔

دورانِ سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ دیکھیں جنازہ لے کر لوگ ایسی جگہ سے گزر رہے ہیں جہاں لوگوں کے کپڑے ناپاک ہوئے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ یہ تصویر کس علاقے کی ہے جس پر مقامی کونسلر نے عدالتِ عظمیٰ کو بتایا کہ یہ تصویر ہجرہ شاہ مقیم کے محلے زاہد پورہ کی ہے۔

کونسلر نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ گندی گلی سے جنازہ گزرنے کا واقعہ اس کے علاقے میں پیش آیا اور وہ خود جنازے میں شریک تھا۔ کونسلر نے کہا کہ جنازہ تو گزر گیا عدالت آگے بھی پوچھے کہ علاقے کا کیا حال ہے۔

کونسلر کا کہنا تھا کہ حجرہ مقیم شاہ کے قبرستان پر بھی قبضہ کر لیا گیا ہے جبکہ شہر کے پارک کو پلاٹس بناکر فروخت کیا جارہا ہے۔

کونسلر نے عدالت میں الزام لگایا کہ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین نے جنازہ گاہ پرقبضہ کر رکھا ہے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ حجرہ شاہ مقیم سے ایم این اے اور ایم پی اے کون ہیں اور ان کا تعلق کس جماعت سے ہے؟

کونسلر نے عدالت کو بتایا کہ راﺅ محمد اجمل ایم این اے اور رضا گیلانی ایم پی اے ہیں اور دونوں ارکانِ اسمبلی کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ دونوں ارکانِ اسمبلی کو بلا لیتے ہیں۔

چیف جسٹس نے علاقہ کونسلر سے سوال کیا کہ میونسپل کمیٹی کا بجٹ کتنا ملا ہے جس پر انہوں نے عدالت کو بتایا کہ انہیں ماہانہ 15 لاکھ روپے مل رہے ہیں جب کہ علاقے کے مجموعی آبادی 76 ہزار ہے۔

سپریم کورٹ نے کونسلر کو تحریری شکایت جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے علاقے سے منتخب رکنِ قومی اسمبلی راﺅ محمد اجمل، رکن صوبائی اسمبلی اور وزیرِ تعلیم پنجاب رضا گیلانی اور چیئرمین بلدیہ ذوالفقار شاہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت جمعرات تک ملتوی کردی۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی غلاظت سے لتھڑی ہوئی گلی سے میت لے جانے کی تصویر پر 21 مارچ کو نوٹس لیا تھا۔

چیف جسٹس نے عدالت میں تصویر دکھاتے ہوئے کہا تھا کہ اٹارنی جنرل صاحب! یہ تصویر دیکھیں۔ لوگ جنازہ پڑھنے جا رہے ہیں اور ناپاک ہو گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایڈووکیٹ جنرل بھی اس تصویر کو دیکھیں اور نشاندہی کریں کہ یہ تصویر کس شہر کی ہے۔

XS
SM
MD
LG