رسائی کے لنکس

کینیڈا میں جی ایٹ اور جی ٹونٹی کی تیاریاں مکمل


کینیڈا میں جی ایٹ اور جی ٹونٹی کی تیاریاں مکمل
کینیڈا میں جی ایٹ اور جی ٹونٹی کی تیاریاں مکمل

کینیڈا کے صوبے اونٹیریو کے علاقےمسکوکامیں واقع ایک چھوٹے مگر انتہائی خوبصورت شہر ہنٹس ویل میں 25 جون ، جمعے کے روز سے جی ایٹ کی دو روزہ کانفرنس شروع ہورہی ہے جس میں عالمی مالیاتی بحران، ماحولیاتی تبدیلی اور کئی دوسرے اہم مسائل زیر بحث آئیں گے۔

کینیڈا کی حکومت نے پچھلے ہفتے اعلان کیاتھا کہ جی ایٹ کانفرنس میں معاشی مسائل کو سب سے زیادہ اہمیت دی جائے گی، لیکن اب وزیر اعظم اسٹیون ہارپر نے اپنے ایک تازہ ترین بیان میں کہا ہےکہ عالمی راہنماؤں کی درخواست پرماحولیاتی تبدیلی سے متعلق مسائل کو بھی جی ایٹ کے ایجنڈے میں شامل کرلیا گیا ہے۔

وزیر اعظم ہارپر نے کہا کہ یہ مسئلہ نہ صرف جی ایٹ بلکہ جی -20 کی کانفرنس میں بھی زیر بحث آئے گا۔

جی -20 کے ممالک کی کانفرنس بھی کینیڈا میں منقعد کی جارہی ہے۔ یہ کانفرس 26 جون کو کینیڈا کے سب سے بڑے شہر ٹورانٹو میں شروع ہورہی ہے۔

گذشتہ سال ماحولیات کے موضوع پر کوپن ہیگن میں ہونے والی کانفرنس میں جی ایٹ کے ممالک نے وعدہ کیاتھا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے غریب ممالک کو2010 ء اور 2012ء کے درمیان 30 ارب ڈالر کی مالی امداد فراہم کریں گے۔

جی ایٹ یعنی گروپ آٹھ سے تعلق رکھنے والے جو ممالک جمعے اور ہفتے کی کانفرنس میں شرکت کررہے ہیں، ان میں کینیڈا ، امریکہ ، برطانیہ،جاپان، جرمنی ، روس، فرانس اور اٹلی شامل ہیں۔

بدھ کی شام کو کینیڈا کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے جی ایٹ سربراہ کانفرنس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ دنیا کے آٹھ اہم ممالک کے اعلی عہدے دار اس کانفرنس میں ایک دوسرے سے ملاقات کریں گے اور اہم مسائل کے حل کے لیےکوئی مشترکہ لالحہ عمل طے کرسکیں گے۔ترجمان نے مزید کہا کہ جی ایٹ اور جی -20 کی کانفرنس کے لیے معقول حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG