رسائی کے لنکس

پاکستان نے سری لنکا کو گال ٹیسٹ میں شکست دے دی


عبداللہ شفیق 158 اور محمد نواز 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
عبداللہ شفیق 158 اور محمد نواز 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان نے گال ٹیسٹ میں دلچسپ مقابلے کے بعد سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی سبقت حاصل کر لی ہے۔

پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے 342 رنز کا ہدف چار چھ وکٹوں پر حاصل کیا۔ عبداللہ شفیق 158 اور محمد نواز 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

میزبان ٹیم کو 123 ویں اوور میں میچ میں واپس آنے کا موقع ملا تھا جو ناقص فیلڈنگ کی نذر ہو گیا۔ دھاننجایا ڈی سلوا کے اوور کی پانچویں گیند پر عبداللہ شفیق نے باؤنڈری لگانے کی کوشش کی تھی لیکن بال ہوا میں بلند ہو گئی لیکن کاسن راجیتھا آسان کیچ نہ پکڑ سکے۔ عبداللہ شفیق اس وقت تک 152 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

گال ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے تین وکٹوں پر 222 رنز سے اننگز کو آگے بڑھایا۔

پاکستان کو جیت کے لیے مزید 120 رنز درکار تھے جس کے تعاقب میں محمد رضوان اس وقت اپنی وکٹ گنوا بیٹھے جب ٹیم کا مجموعی اسکور 276 تک پہنچا۔

رضوان دو چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنا سکے۔ پانچویں وکٹ پر عبداللہ شفیق اور آغا سلمان کے درمیان 22 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور 298 کےمجموعی اسکور پر پاکستان کی پانچویں وکٹ کر گئی۔

پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کے ساتھ ہی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستانی نے تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

گال ٹیسٹ میں ریکارڈ کامیابی کے بعد پاکستان کی جیت کا تناسب 58 فی صد ہوگیا اور اس نے سری لنکا کو تیسری پوزیشن سے محروم کرکے چھٹی پوزیشن پر بھیج دیا ہے۔

سری لنکا کی ٹیم 48 فی صد تناسب کے ساتھ اس وقت چوتھے نمبر پر موجود بھارت اور پانچویں پوزیشن پر موجود ویسٹ انڈیز سے بھی پیچھے ہے۔

اگلے میچ میں کامیابی سری لنکا کو چوتھی پوزیشن پر پہنچا دے گی اور پاکستان کو پانچویں نمبر پر اکتفا کرنا پڑے گا جب کہ بغیر کوئی میچ کھیلے بھارتی ٹیم تیسرے نمبر پر پہنچ جائے گی۔

تاہم دوسرے ٹیسٹ کی کامیابی کی صورت میں پاکستان کی ٹیم 55 فی صد کامیابی کے ساتھ تیسری پوزیشن مستحکم کر لے گی۔

XS
SM
MD
LG