رسائی کے لنکس

'گیم آف تھرونز' کے خالق چین کے سائنس فکشن ناولز پر سیریز بنائیں گے


ڈیوڈ بینیوف اور ڈی بی وائز (فائل فوٹو)
ڈیوڈ بینیوف اور ڈی بی وائز (فائل فوٹو)

مشہورِ زمانہ ڈراما سیریز 'گیم آف تھرونز' کے خالق اسٹریمنگ سروس 'نیٹ فلکس' کے لیے چین کے بیسٹ سیلنگ تین سائنس فکشن ناولز پر سیریز بنائیں گے۔

نیٹ فلکس کی جانب سے منگل کو جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق یہ نئی سیریز انگریزی زبان میں ہوگی جو چینی مصنف لی سِکسن کے مشہور سائنس فکشن ناولوں 'دی تھری باڈی پرابلم'، 'دی ڈارک فاریسٹ' اور 'ڈیتھس اینڈ' پر بنائی جائے گی۔

ان ناولز میں انسانوں کے خلائی مخلوق کے ساتھ پہلے رابطے کی کہانی بیان کی گئی ہے۔

'گیم آف تھرونز' بنانے والے ڈیوڈ بینیوف اور ڈی بی وائز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لی سِکسن کی تین حصوں پر مشتمل داستان ایک بہترین سائنس فکشن سیریز ہے جو 1960 کی دہائی سے لے کر انسانیت کے اختتام تک کے وقت کا احاطہ کرتی ہے اور پڑھنے والوں کو کائنات کے دور دراز حصوں کی سیر کراتی ہے۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیٹ فلکس نے کہا ہے کہ مشہور ڈراما سیریز 'ٹرو بلڈ' کے اسکرین رائٹر الیگزینڈر وو ناولز بھی پراجیکٹ کا حصہ ہوں گے جب کہ ناولز کے مصنف لی سِکسن پراجیکٹ کے ساتھ بطور کنسلٹنگ پروڈیوسر کام کریں گے۔

نیٹ فلکس نے ابھی تک سیریز کی کاسٹ یا سیریز کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔ نیٹ فلکس نے یہ بھی نہیں بتایا کہ اس نے ناولز کے نشریاتی حقوق کس قیمت پر حاصل کیے ہیں۔ لیکن جریدے 'فوربز' کے مطابق 2018 میں 'ایمیزون اسٹوڈیوز' نے لی سِکسن کے ان تینوں ناولز کے حقوق خریدنے کے لیے ایک ارب ڈالرز تک کی پیشکش کرنے پر غور کیا تھا۔

تین حصوں پر مشتمل اس داستان کا پہلا ناول 'دا تھری باڈی پرابلم' 2008 میں شائع ہوا تھا اور چین میں سائنس فکشن کا سب سے مقبول ناول بن گیا تھا۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بعد ازاں سیریز کے تینوں ناولز کا انگریزی ترجمہ ہوا تھا اور انگریزی خواں طبقے میں بھی اس سیریز کو خاصی پذیرائی ملی تھی۔

امریکہ کے سابق صدر براک اوباما اور فیس بک کے بانی مارک زکر برگ بھی ان ناولز کی تعریف کرچکے ہیں۔

اس ناول سیریز کا دنیا کی 20 سے زائد زبانوں میں ترجمہ ہوچکا ہے اور اب تک دنیا بھر میں اس کی 80 لاکھ سے زائد جلدیں فروخت ہوئی ہیں۔

نیٹ فلکس نے ڈی بی وائز اور ڈیوڈ بینیوف کے ساتھ گزشتہ سال پروڈکشن کا معاہدہ کیا تھا جس کے تحت یہ ان کا پہلا پراجیکٹ ہے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں تخلیق کار آئندہ کئی سال تک نیٹ فلکس کے لیے ڈرامے اور فلمیں تحریر، پروڈیوس اور ڈائریکٹ کریں گے۔ خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اس معاہدے کی مالیت 20 کروڑ ڈالر کے لگ بھگ ہے۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ڈی بی وائز اور ڈیوڈ بینیوف اس سے قبل ایک دہائی تک 'ایچ بی او' کے ساتھ منسلک رہ چکے ہیں جہاں انہوں نے 'گیم آف تھرونز' تخلیق کیا تھا جسے امریکی ٹی وی کی تاریخ کی مقبول ترین ڈراما سیریز میں سرِ فہرست سمجھا جاتا ہے۔

آٹھ سیزن پر مشتمل یہ سیریز بھی معروف مصنف جارج آر آر مارٹن کی ناول سیریز 'اے سانگ آف آئس اینڈ فائر' پر بنائی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG