رسائی کے لنکس

غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد 800 سے تجاوز کر گئی


جمعہ کو غزہ میں حکام کے مطابق اسرائیل کی تازہ فضائی کارروائی میں حماس کے اتحادی گروپ "اسلامک جہاد" کے ایک اعلیٰ ترین ترجمان اور ان کا بیٹا ہلاک ہوگئے

امریکہ کے وزیرخارجہ جان کیری نے غزہ میں جمعہ تک جنگ بندی کا حتمی معاہدہ کروانے پر زور دیا ہے جب کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان لڑائی میں مرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 800 سے تجاوز کر گئی ہے۔

جنگ بندی کے لیے معاہدے پر اسرائیل اور حماس کے درمیان اختلافات بدستور موجود ہیں جب کہ اسرائیل کے ایک دفاعی عہدیدار کے مطابق جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی کوششوں کے ساتھ ساتھ غزہ میں زمینی کارروائی کا دائرہ بڑھانے پر غور کے لیے اسرائیل کی سلامتی بارے کابینہ کا ایک اجلاس بھی جمعہ ہی کو ہو رہا ہے۔

جمعہ کو غزہ میں حکام کے مطابق اسرائیل کی تازہ فضائی کارروائی میں حماس کے اتحادی گروپ "اسلامک جہاد" کے ایک اعلیٰ ترین ترجمان اور ان کا بیٹا ہلاک ہوگئے اور 18 روز سے جاری لڑائی میں مرنے والوں کی تعداد 808 تک پہنچ گئی ہے۔

اس لڑائی میں 32 فوجیوں سمیت اسرائیل کے 34 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

اسرائیل کی پولیس کے مطابق یروشلم شہر کے پرانے علاقے میں نماز جمعہ کے بعد کسی بھی ممکنہ مظاہرے سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی فورسز کے ہزاروں اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

ایک روز قبل غزہ کی پٹی کے مغربی حصے میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام ایک اسکول پر بمباری سے 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ حکام نے اس کا الزام اسرائیل پر عائد کیا۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں فوجیوں پر فلسطینی عسکریت پسندوں نے حملہ کیا جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔ حکام نے ان ہلاکتوں کو الزام حماس پر عائد کیا۔

اس واقعے میں بچوں کے علاوہ اقوام متحدہ کے عملے کے ارکان بھی ہلاک ہوئے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

XS
SM
MD
LG